فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا نے کھلی کچہری میں خاتون سے غیر اخلاقی رویہ’ نازیبا گفتگو کرنے اور اختیارات کا تجاوز کرنے پر دو تھانیدار کو نوکری سے فارغ اور تیسرے کو انسپکٹر سے سب انسپکٹر بنا دیا۔ تفصیل کے مطابق آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا کی کھلی کچہری میں گوجرہ کی خاتون نے اپنا مسئلہ پیش کیا جس پر آر پی او نے تھانہ صدر گوجرہ کے ایس ایچ او انسپکٹر محسن منیر بسرا کو بسلسلہ انکوائری کھلی کچہری میں طلب کیا تو مذکورہ تھانیدار محسن منیر نے کھلی کچہری میں خاتون سے نازیبا گفتگو کرتے ہوئے ہراساں کرنے کی کوشش کی تو آر پی او نے خاتون سے نازیبا گفتگو کرنے اور غیر اخلاقی رویہ پر انسپکٹر محسن منیر بسرا کو نوکری سے برخاست کر دیا جبکہ ناقص تفتیش اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر تھانہ صدر جھنگ کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر غلام رسول کو بھی نوکری سے فارغ کر دیا۔ علاوہ ازیں اختیارات سے تجاوز کرنے پر تھانہ صدر جھنگ کے انسپکٹر حافظ عبداﷲ جپہ کی تنزلی کرتے ہوئے سب انسپکٹر بنا دیا۔ آر پی او نے کہا کہ کرپٹ’ نااہل’ غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والوں کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں ہے جبکہ فرض شناس اور دیانت داری ہی پولیس افسران کے معیار کا بنیادی اصول ہے۔ انہوں نے کہا کہ نظم وضبط کو یقینی بنانے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہینگی۔




