فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈسٹرکٹ ریسلنگ ایسوسی ایشن فیصل آباد کے زیر اہتمام سپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن فیصل آباد سجاف کے نو منتخب عہدیداران کے اعزاز میں ایک استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت صدر ڈسٹرکٹ ریسلنگ ایسوسی ایشن فیصل آباد رانا منور خان نے کی جبکہ اس موقع پر جنرل سیکرٹری محمد عاطف ملک نومی سینئر نائب صدر حاجی عبدالستار نائب صدر مشتاق علی اور ایگزیکٹو ممبر حافظ عتیق بھی موجود تھے۔ سجاف کی جانب سے صدر ملک جمیل سراج’ سینئر نائب صدر محمد نسیم شاہ’ نائب صدر طاہر شہزاد’ جوائنٹ سیکرٹری سید صداقت علی شاہ’ فنانس سیکرٹری میاں عمران حمید’ ایگزیکٹو ممبران محمد خلیل بزمی’ محمد حمزہ اور دلبر خان خٹک نے استقبالیہ تقریب میں شرکت کی۔ صدارتی خطاب میں رانا منور خان نے کہا کہ فن پہلوانی کا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیسی کشتی کیساتھ جدید ریسلنگ کے فروغ کے لیے ڈسٹرکٹ ریسلنگ ایسوسی ایشن مثبت اور موثر کردار ادا کریگی۔ جنرل سیکرٹری محمد نومی ملک کا کہنا تھا کہ ڈسٹرکٹ اور ڈویژن فیصل آباد میں پہلوانی کا بہترین ٹیلنٹ موجود ہے جسے نکھارنے کیلئیبھرپور کردار ادا کریں گے۔ صدر سجاف ملک جمیل سراج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈسٹرکٹ ریسلنگ ایسوسی ایشن کو ہم اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں اور کھیلوں کی صحافت کی ترقی کے لیے ہر مثبت قدم اٹھائیں گے۔




