کیسے معلوم ہو گاکہ گوشت گائے کا ہے یا گدھے کا؟

اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان میں گدھے کے گوشت کی فروخت کی اجازت نہیں ہے لیکن اس کے باوجود بعض اوقات اس کے فروخت کی خبر سامنے آجاتی ہے جس سے عوام تشویش میں مبتلا ہوجاتے ہیں کہ وہ گائے بکرے کے نام پر کہیں گدھے کا گوشت تو نہیں کھا رہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے ترنول میں چھاپہ مار کر 50سے زائد گدھے اور 25من گوشت برآمدکیا تھا،ترنول کے علاقے میں گدھوں کے گوشت کے لیے سلاٹرہائوس بنایا گیا تھا، سلاٹر ہائوس میں گدھے ذبح کر کے گوشت کولڈ سٹوریج میں رکھا جاتا تھا، گوشت کا ایک حصہ پاکستان میں غیر ملکی باشندوں کو بھجوایا جاتا تھا اورگدھے کی کھالیں اور گوشت بیرون ملک بھی سپلائی کیا جاتا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گدھوں کو ذبح کرنے کے لیے قصائی بھی بیرون ملک سے بلوایا گیا تھا اور گدھے کے گوشت کے لیے سلاٹر ہائوس چلانے والے 2غیر ملکی گرفتار ہیں، سلاٹرہاس سے 14 گدھوں کی باقیات اور 45گدھے زندہ برآمد کیے گئے۔ ذرائع کے مطابق گدھوں کے گوشت کی مقامی مارکیٹوں میں سپلائی کے شواہد نہیں ملے۔ تاہم اس کے باوجود شہریوں میں اس حوالے سے تحفظات پائے جاتے ہیں۔ عام طور پر گدھے کے گوشت کو دوسرے گوشت (جیسے گائے یا بکرے’ سے پہچاننا مشکل ہوسکتا ہے، لیکن کچھ عام نشانیاں یہ ہو سکتی ہیں۔ گدھے کا گوشت عام طور پر زیادہ گہرے سرخ رنگ کا ہوتا ہے۔ اس کی ساخت باریک ریشے دار ہوتی ہے اور اس میں چکنائی کم ہوتی ہے، چکنائی کا رنگ سفیدی مائل سرمئی ہوتا ہے۔ ماہرین کے مطابق مٹن اور بیف (گائے یا بکرے) کے ریشے ذرا سخت ہوتے ہیں۔ اگر آپ گوشت کا ایک بڑا ٹکڑا ہتھیلی پر رکھیں تو وہ ہتھیلی پر جما رہے گا جب کہ گدھے کے گوشت کے ریشے بہت نرم ہوتے ہیں اور وہ قدرے لجلجا ہوتا ہے، اس لیے ہتھیلی پر وہ جما نہیں رہے گا اور گرسکتا ہے۔ اس کے علاوہ گدھے کے گوشت میں ایک خاص قسم کی میٹھی بو ہوسکتی ہے جو پکاتے ہوئے خواتین پہچان سکتی ہیں، پکانے پر اس کی بو بعض اوقات زیادہ تیز یا عجیب لگ سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ گدھے کا گوشت ذائقے میں بھی قدرے مختلف ہوتا ہے،کھانے میں یہ تھوڑا میٹھا اور چبانے میں سخت محسوس ہوسکتا ہے۔ کینیا میں مقامی لوگوں نے گدھے کے گوشت کی شناخت کے لیے جو دیسی طریقے اپنا رکھے ہیں میں سے ایک یہ ہے کہ گدھے کا گوشت ابالتے وقت عام گوشت کے مقابلے میں زیادہ جھاگ پیدا کرتا ہے۔ مذکورہ بالا نشانیوں کے ذریعے آپ اطمینان کرسکتے ہیں کہ آپ کو گائے بکرے کے نام پر گدھے کا گوشت فروخت نہیں کیا گیا تاہم ضروری ہے کہ آپ ہمیشہ اپنے سامنے ذبح کیے گئے جانور کا گوشت خریدیں یا پھر حکومت سے منظور شدہ مارکیٹوں سے مہر لگا ہوا گوشت خریدیں۔ اگر آپ کو شبہ ہو تو فوڈ اتھارٹی سے یا مقامی حکام سے رجوع کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں