فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کینال روڈ کشمیر انڈرپاس کے قریب ٹریفک کے المناک حادثہ میں دو افراد جاں بحق’ دو شدید زخمی ہو گئے، ریسکیو1122 نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کرکے زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ مدینہ ٹائون کے علاقہ کینال روڈ پر کشمیر پل انڈر پاس کے قریب تیز رفتار موٹرسائیکل سوار 22ویلر ٹرالر کو اوورٹیک کرتے ہوئے اس سے ٹکرا گئے اور تیز رفتار موٹرسائیکل بے قابو ہو کر انڈرپاس کی دیوار سے ٹکرا کر بری طرح زخمی ہو گئے۔ حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچی تو منصورآباد گلی نمبر4 کا رہائشی محمد عمر ولد مجید اور اس کا 18سالہ دوست صداقت علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار چکے تھے جبکہ 18سالہ احتشام ولد تنویر سکنہ میاں پنڈ گلی نمبر3 اور 20سالہ علی رضا ولد محمد شکیل سکنہ روضہ پارک گلی نمبر4 بری طرح زخمی ہو گئے جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔




