فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے ڈویژن کے چاروں اضلاع میں قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت کیلئے لگائے گئے عارضی سیل پوائنٹس اور پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام ماڈل کیٹل مارکیٹس میں صفائی کا اعلی ترین معیار ہمہ وقت برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے ڈویژن میں عید الاضحی انتظامات کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب اتھارٹی اپنی ذمہ داریاں کماحقہ پوری کرے اور عارضی سیل پوائنٹس کا رخ کرنے والو ں کو صاف ستھرا ماحول نظر آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ معمولی سی بھی شکایت پر فوری ردعمل اور کمپلینٹ حل ہو۔انہوں نے کہا کہ ممکنہ بارشوں اور آندھی کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات یقینی بنائیں تاکہ بیوپاریوں اور خریداروں کو پریشانی نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ سیل پوائنٹس میں پینے کا صاف اور ٹھنڈا پانی دستیاب رہنا چاہیے جبکہ سایہ دار انتظامات بھی برقرار رکھیں۔انہوں نے رات کے اوقات میں لائٹنگ کی سہولت کی تاکید کی۔کمشنر نے واضح کیا کہ شہریوں کو پارکنگ کی اوورچارجنگ کی شکایت پر زیروٹالرنس ہے۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو وقفہ وقفہ سے انتظامات کی نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کی۔کمشنر نے ڈپٹی کمشنرز کو محرم الحرام کی پیشگی تیاریوں کا بھی ہدف تفویض کیا اور کہا کہ سوئی گیس،فیسکو،میونسپل کارپوریشن/میونسپل کمیٹیز،واسا ودیگر متعلقہ محکموں کے افسران کے ہمراہ عشرہ محرم کے جلوسوں کے روٹس کا وزٹ کریں اور وال چاکنگ کے صفایا،پیج ورک مکمل،لائٹنگ،سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن،بجلی کی لٹکتی تاروں کی درستگی،سوئی گیس کے کنکشنز کی لیکج کو چیک کرکے تمام تر درکار انتظامات بروقت مکمل ہونے چاہیں۔انہوں نے واسا سے کہا کہ محرم جلوسوں کے روٹس پر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے جاری کاموں کو فوری مکمل کریں۔آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے عید الاضحی اور محرم الحرام پر سکیورٹی اقدامات کو طے شدہ ایس اوپیز کے تحت مکمل کرنے کے لئے سی پی او اور ڈی پی اوز کو ہدایت جاری کی۔انہوں نے کہا کہ عارضی سیل پوائنٹس پر پولیس افسران و ملازمین ذمہ دارانہ ڈیوٹی انجام دیں۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ سی پی او فیصل آباد،ایڈیشنل کمشنرز،ایدیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ودیگر افسران بھی موجود تھے۔




