فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات کی روشنی میں گراں فروشی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ر یلیف فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پرائس کنٹرول اقدامات مزید تیز کر دیئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی ہدایت پر ضلع بھر میں اشیائے ضروریہ کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کو ہر صورت یقینی بنانے کے لیے موثر مانیٹرنگ کا نظام فعال کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد ہوا جس میں جاری کارروائیوں، چیکنگ مہم اور خلاف ورزیوں پر عائد کردہ جرمانوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایت کی کہ اشیائے خورونوش کی مقررہ سرکاری قیمتوں پر فروخت ہر صورت یقینی بنائی جائے اور کسی بھی دکاندار کو زائد نرخ وصول کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ انہوں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ مارکیٹوں، بازاروں اور سہولت بازاروں میں چیکنگ سرگرمیوں کو مزید تیزکریں اور سرکاری نرخنامے نمایاں مقامات پر آویزاں نہ کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔شہریوں سے بھی کہا گیا کہ وہ مقررہ نرخوں سے زائد ادائیگی ہرگز نہ کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری اطلاع دیں۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ مانیٹرنگ جاری رکھی جائے گی تاکہ عوام کو اشیائے ضروریہ مناسب قیمتوں پر دستیاب رہیں اور حکومتی ریلیف اقدامات کے ثمرات عام آدمی تک پہنچ سکیں۔




