گرین بس میں خاتون کا پرس چوری، کنڈیکٹر پر شبہ

ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار)گوجرہ سے ٹوبہ ٹیک سنگھ آنے والی گرین بس میں خاتون کا پرس مبینہ طور پر چوری ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔ متاثرہ خاتون تسنیم کوثر زوجہ عامر علی، ساکن محلہ اسلام پورہ ٹوبہ ٹیک سنگھ نے تحفظ مرکز میں درخواست دے کر قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ درخواست کے مطابق خاتون 4اکتوبر کو اپنی ہمشیرہ اور بچوں کے ہمراہ گوجرہ ریلوے پھاٹک کے قریب گرین بس سروس کی بس نمبر 12 میں ٹوبہ ٹیک سنگھ کے لیے سوار ہوئی۔ خاتون کا مقف ہے کہ بس میں سوار ہوتے وقت رش کے باعث ایک بچہ نیچے رہ گیا، جس پر اس نے کنڈیکٹر محمد ثاقب سے بات کی تو مبینہ طور پر اس نے بدتمیزی اور نازیبا گفتگو شروع کردی اور سفر کے دوران اسے ہراساں کرتا رہا۔ خاتون کے مطابق چک نمبر 286ج ب کے قریب بس سے اترنے کے بعد اسے معلوم ہوا کہ اس کے بڑے ہینڈ بیگ میں موجود پنک رنگ کا چھوٹا پرس غائب ہے۔ درخواست کے مطابق پرس میں تقریبا 50ہزار روپے نقدی، سام سنگ موبائل فون، تقریبا 4 ماشے وزنی طلائی انگوٹھی، شناختی کارڈ، فیصل بینک اور نیشنل بینک کے اے ٹی ایم کارڈز جبکہ ہمشیرہ کا ویوو موبائل فون موجود تھا۔ متاثرہ خاتون نے واقعہ کی اطلاع پولیس ایمرجنسی 15 پر دی۔، جس پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ درخواست میں خاتون نے کنڈیکٹر محمد ثاقب اور نامعلوم ساتھیوں پر چوری میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے مقدمہ درج کرنے، واقعہ کی شفاف تفتیش اور چوری شدہ سامان کی برآمدگی کی استدعا کی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں