فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) امین پور بائی پاس روڈ کے قریب تیز رفتار مزدا ٹرک کی لوڈر رکشہ کو ٹکر’ رکشہ الٹنے سے ڈرائیور گندم کی بوریوں تلے آ کر لقمہ اجل بن گیا’ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ 32سالہ غفور احمد اپنے رکشہ پر گندم کی بوریاں لوڈ کر کے جا رہا تھا کہ جب وہ میراں والا بنگلہ سے امین پور بائی پاس روڈ پر پہنچا تو عقب سے آنیوالے تیز رفتار مزدا ٹرک کی ٹکر لگنے سے رکشہ الٹ گیا تو ڈرائیور غفور احمد پر گندم کی بوریاں آن گری اور وہ گندم کی بوریوں تلے دب گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو1122 کی ٹیم موقع پر پہنچی تو رکشہ ڈرائیور زندگی کی بازی ہار چکا تھا۔ تاہم پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔دریں ثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سرگودھا روڈ میٹروکیش اینڈ کیری کے قریب تیز رفتار کار نے سڑک عبور کرتے شہری کو روند ڈالا’ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے حادثے کے مرتکب ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ سرگودھا روڈ کا رہائشی محمد اقبال میٹروکیش اینڈ کیری کے قریب سڑک عبور کر رہا تھا کہ تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا، حادثہ کا مرتکب ڈرائیور گاری سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔ مضروب کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ پولیس نے نعش تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے ڈرائیور کی تلاش شروع کر دی ہے۔




