فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر زراعت (توسیع) چوہدری خالد محمود نے کسانوں سے گزارش کی ہے کہ گندم کی کٹائی بروقت مکمل کریں اور فصل کی باقیات کو ہرگز نہ جلائیں کیونکہ یہ قانونا جرم اور زمین کی زرخیزی کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ باقیات کو تلف کر نے کے بجائے جدید زرعی مشینری جیسے ویٹ سٹرا چاپر استعمال کریں۔کٹائی کے بعد گندم کو اچھی طرح خشک کرکے صاف اور محفوظ جگہ پر ذخیرہ کریں تاکہ نمی، کیڑوں اور پھپھوندی سے بچا ہو سکے۔ اگر ممکن ہو تو ہرمیٹک بیگز یا بند گودام استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ گندم کو کیڑوں سے محفوظ رکھنے کے لئے مناسب زہروں کا استعمال محکمہ زراعت کی ہدایات کے مطابق کریں اور گوداموں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ان احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے نہ صرف اپنی فصل کو محفوظ بنایا جا سکتا ہے بلکہ بہتر پیداوار اور زیادہ منافع بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔




