فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) غلام محمد آباد کے علاقہ ڈوگر چوک کے قریب محنت کش کا 5سالہ بچہ گندے نالے میں ڈوب کر زندگی کی بازی ہار گیا، نعش گھر پہنچنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا، والدین غم سے نڈھال، ہر آنکھ اشکبار ہو گئی، ریسکیو1122 کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر نعش کو نالے سے نکال کر ورثاء کے حوالے کر دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ غلام محمد آباد کچی آبادی ڈوگر چوک کے رہائشی محمد محسن کا پانچ سالہ بیٹا سہیل محسن دیگر بچوں کیساتھ کھیل رہا تھا کہ اچانک پائوں سلپ ہونے سے قریب گزرنے والے گندے نالے میں گر گیا تو بچوں نے گھر والوں کو بتایا، جنہوں نے ریسکیو1122 کو اطلاع کی تو ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر سیم نالہ میں سرچ آپریشن کیا اور کافی جدوجہد کے بعد سہیل محسن کی نعش کو گندے نالے سے برآمد کر کے والدین کے حوالے کر دیا، نعش گھر پہنچنے پر علاقہ میں کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی، علاقہ کی فضا سوگوار ہو گئی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ غلام محمد آباد سے گزرنے والے گندے نالے کو کور نہیں کیا گیا۔ اہل علاقہ نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ شہری حدود سے گزرنے والے سیم نالہ کو فوری طور پر کور کیا جائے تاکہ آئندہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔




