اسلام آباد (بیوروچیف) وفاقی حکومت نے گوادر پورٹ کو زیادہ فعال اور مسابقتی بنانے کے لیے بڑے ٹیرف ریلیف اقدامات کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد عالمی سطح پر ٹرانزٹ ٹریفک کو فروغ دینا ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بحری امورجنید انور چوہدری نے بتایا کہ گوادر بندرگاہ پر مختلف چارجز میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔ کنٹینر بردار جہازوں کی برتھنگ فیس میں 25فیصد کمی جبکہ بین الاقوامی ٹرانس شپمنٹ کنٹینرز پر پورٹ چارجز میں 40 فیصد کمی کر دی گئی ہے۔اسی طرح ٹرانزٹ کنٹینر کارگو پر پورٹ چارجز میں بھی 31 فیصد تک کمی کی گئی ہے۔ جنرل کارگو کے لیے اسٹوریج سہولت کو بھی بڑھا دیا گیا ہے، جس کے تحت اب 5 دن کے بجائے ایک ماہ تک مفت ذخیرہ کی سہولت فراہم کی جائے گی۔وزیر بحری امور کے مطابق ان اقدامات سے شپنگ کمپنیوں کے آپریشنل اخراجات میں واضح کمی آئے گی، جبکہ گوادر پورٹ پر کارگو ہینڈلنگ اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت گوادر کو ایک اہم علاقائی لاجسٹکس مرکز کے طور پر ترقی دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔دوسری جانب چیئرمین گوادر پورٹ نور الحق بلوچ نے کہا کہ نئے ٹیرف اسٹرکچر سے بلوچستان میں روزگار کے مواقع بڑھیں گے اور سمندری تجارت کو بھی فروغ ملے گا۔




