گوجرہ میں 6 ارب کے ترقیاتی منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کرنے کا حکم

گوجرہ(نامہ نگار)سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب میاں شکیل احمد نے گوجرہ کا دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر عمر عباس میلہ، اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ چوہدری ریاض گجر، چیف آفیسرسید یاسر علی شاہ، اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تحصیل گوجرہ میں 6 ارب 47 کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ منصوبےکے پہلے مرحلے میں سٹورم واٹر ڈرینج، مین ہول کورنگ، سالڈ ویسٹ مشینری کی خریداری اور ڈسپوزل اسٹیشنز کی بحالی شامل ہے جو 30 جون 2026 تک مکمل کی جائے گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں نئے ڈسپوزل اسٹیشنز اور جدید سیوریج لائنوں کی تعمیر اور تیسرے مرحلے میں گلیوں کی تعمیر، سٹریٹ لائٹس، پارکوں کی بحالی، سولرائزیشن اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر مکمل کی جائے گی۔گوجرہ کے دورے کے دوران انہوں نے میونسپل کمیٹی میں زیر تعمیر انڈر گراؤنڈ واٹر سٹوریج ٹینک اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی سکیموں کا معائنہ کیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے گوجرہ جھنگ روڈ پر نئی سیوریج لائن کی تنصیب کے کام کا جائزہ لیا جبکہ طفیل کالونی میں کلر فل ٹف ٹائلز، گلیوں کی تعمیر اور مین ہول کورز کی تنصیب کے جاری کاموں کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو جلد از جلد ان کے ثمرات میسر آ سکیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب میاں شکیل احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام شہری ترقی اور عوامی فلاح کا ایک تاریخی منصوبہ ہے۔جس سے عوام جلد مستفیدہو نگے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں