گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول کے طلبہ نے سکاؤٹ کیمپ میں4پوزیشن حاصل کرلیں

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد کے لیے ایک اور قابلِ فخر اعزاز، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد کی نمائندگی کرتے ہوئے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول 9 ج ب کے ہونہار طلبہ نے سکائوٹ کیمپ/گھوڑا گلی 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار پوزیشنیں حاصل کرلیں اور ضلع فیصل آباد کا نام روشن کردیا۔گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول 9 ج ب کے طلبہ کی اس شاندار کامیابی پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی فیصل آباد کے افسران، اساتذہ، سکائوٹ لیڈرز، سکول انتظامیہ اور بالخصوص ہونہار سکائوٹس کو تعلیمی حلقوں کی جانب سے مبارکباد پیش کی گئی ہے۔تعلیمی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی محض چار پوزیشنوں کا حصول نہیں بلکہ فیصل آباد کے سرکاری سکولوں میں موجود ٹیلنٹ، طلبہ کی محنت اور اساتذہ کی بہترین تربیت کا عملی ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن تحصیل صدر نور حسن کی قائدانہ صلاحیتوں، مثبت سوچ اور طلبہ میں کھیلوں و غیر نصابی سرگرمیوں کا شوق پیدا کرنے کے عزم کے باعث ایسی سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے۔نور حسن نے کہا ہے کہ سکائوٹنگ طلبہ میں نظم و ضبط، قیادت، خود اعتمادی، ٹیم ورک اور خدمتِ خلق کا جذبہ پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، جبکہ گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول 9 ج ب کے طلبہ کی کامیابی دیگر سرکاری سکولوں کے طلبہ کے لیے بھی حوصلہ افزا مثال ہے۔تعلیمی حلقوں نے کہا کہ یہ فیصل آباد کے ٹیلنٹ، محنت اور عزم کی فتح ہے۔ انہوں نے گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول 9 ج ب کی انتظامیہ، اساتذہ اور سکائوٹ لیڈرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ہونہار طلبہ کو شاباش دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ فیصل آباد کے طلبہ مستقبل میں بھی ضلعی، صوبائی اور قومی سطح پر کامیابیاں حاصل کرکے ضلع کا نام مزید روشن کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں