فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب احمد عزیز تارڑ نے ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر عثمان طاہر اور ڈائریکٹر جنرل پروڈکشن ڈاکٹر محمد نعیم کنور کے ہمراہ جھنگ کا تفصیلی دورہ کیا۔انہوں نے سول ویٹرنری ہسپتا ل جھنگ، ضلعی لائیو سٹاک ڈائگناسٹک لیبارٹری، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک جھنگ کے دفتر اور ریسرچ سینٹر فار دی کنزرویشن آف انڈیجنس بریڈز (RCCIB)کا معائنہ کیا۔ سیکرٹری لائیو سٹاک نے سول ویٹرنری ہسپتال میں نئے آپریشن تھیٹر اور ایکسرے روم میں دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا جبکہ ڈائگناسٹک لیبارٹری کی جاری رینوویشن و اپ گریڈیشن کے کام کا بھی معائنہ کیا اور بقیہ کام 15 روز میں مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک کے دفتر میں انہیں ضلع جھنگ میں محکمہ کی کارکردگی، فیلڈ سرگرمیوں اور مویشی پال حضرات کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ سیکرٹری لائیو سٹاک نے مویشی پال حضرات سے ملاقات کرکے ان کے مسائل اور فیڈ بیک بھی حاصل کیا۔سیکرٹری لائیو سٹاک نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ جدید تشخیصی، علاج معالجہ اور تولیدی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ فیلڈ سروسز کو مزید موثر بنایا جائے تاکہ مویشی پال حضرات کو بروقت اور معیاری ویٹرنری سہولیات میسر آ سکیں۔




