نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) سیٹلائیٹس ویوز اور 3ڈی نقشوں کی مدد سے دنیا کو دکھانے والی گوگل ارتھ سروس کو 20سال مکمل ہوگئے ہیں’ گوگل ارتھ کی 20ویںویں سالگرہ کے موقع پر کمپنی کی جانب سے عام صارفین اور پروفیشنل افراد کے لیے 2نئے فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں۔ جون 2005میں گوگل ارتھ کو متعارف کرایا گیا تھا اور اس کے بعد سے یہ سروس صارفین کو جغرافیائی تفصیلات فراہم کر رہی ہے، کمپنی کے مطابق 2024میں ہی مختلف مقامات کو 2 ارب سے زائد بار سرچ کیا گیا۔ کمپنی نے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 2دہائیوں کے دوران لوگوں کی جانب سے اس سروس کو بامقصد انداز سے استعمال کیا گیا، کمپنی کی جانب سے متعارف کرائے گئے ایک نئے فیچر کے تحت تاریخی اسٹریٹ ویو امیجز کو براہ راست گوگل ارتھ کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین یہ دیکھ سکیں گے کہ دنیا کے مختلف مقامات گزشتہ برسوں میں کس طرح تبدیل ہوئے، مثال کے طور پر آپ کسی شہری علاقے کے بارے میں یہ جان سکتے ہیں کہ وہ بلند و بالا عمارات کی تعمیر یا دیگر تبدیلیوں سے قبل کیسا نظر آتا تھا۔ یہ فیچر پہلے گوگل میپس میں موجود تھا مگر اب اسے گوگل ارتھ کا حصہ بنا دیا گیا ہے، دوسرا فیچر مختلف آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹولز پر مشتمل ہے، گوگل ارتھ میں پروفیشلز جیسے سٹی پلانرز کے لیے نئے اے آئی ٹولز کا اضافہ کیا گیا ہے۔ یہ ٹولز فی الحال امریکا میں متعارف کرائے جا رہے ہیں جن سے صارفین کو زمین کی سطح کے بارے میں تفصیلات حاصل ہوسکیں گی اور وہ اس کا تجزیہ کرسکیں گے۔ مثال کے طور پر لوگ یہ جان سکیں گے کس شہر یا مقام پر درختوں کی تعداد زیادہ ہے یا کن مقامات پر حرارت زیادہ جمع ہوتی ہے، جس سے منصوبہ سازوں، مقامی حکومت یا محققین کو انفرا اسٹرکچر منصوبوں میں مدد مل سکے گی۔ گوگل کی جانب سے گوگل ارتھ کے 2 دہائیوں کے حوالے سے بھی چند تفصیلات جاری کی گئی ہیں، 2006 میں اسٹریٹ ویو کو متعارف کرایا گیا جبکہ بعد ازاں 3 ڈی عمارات کو گوگل ارتھ کا حصہ بنایا گیا، 2017 میں گوگل ارتھ ٹائم لیپس کو ری فریش کیا گیا اور اس میں 35 برسوں پر مشتمل کروڑوں سیٹلائیٹس تصاویر کو شامل کیا گیا۔




