فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) مختلف واقعات میں گھریلو ومعاشی حالات سے تنگ آ کر خاتون سمیت 3 افراد نے خودکشی کر لی’ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔ تفصیل کے مطابق بلوچنی کے علاقہ محلہ رسول پورہ کی شائستہ زوجہ علی اکبر نے گھریلو حالات سے دل برداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں نگل لیں اور اپنے کم سن بیٹے کو گولی کھلا دی جس پر ماں بیٹے کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے ان کا معدہ واش کیا تو دوران علاج شائستہ بی بی زندگی کی بازی ہار گئی، بیٹے کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جبکہ تھانہ صدر کے علاقہ ڈھڈی والا کے ثاقب نے گھر والوں سے جھگڑ کر اپنی کنپٹی پر گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر دیا۔ علاوہ ازیں 659 گ ب کے 17سالہ لڑکے واجد نے حالات سے تنگ آ کر گلے میں پھندا ڈال کر درخت سے جھول کر خودکشی کر لی۔ بتایا جاتا ہے کہ واجد کا والد بچپن میں فوت ہو گیا تو اسکی والدہ نے دوسری شادی کر لی تھی اور واجد اپنے تایا کے پاس رہتا تھا، گزشتہ روز حالات کا ستایا نوجوان ڈیرہ پر جا کر اپنے گلے میں پھندا ڈال کر درخت سے جھول گیا۔ تاہم پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں۔




