گھریلو جھگڑوں سے تنگ خاتون سمیت2افراد کی خودکشی،گولیاں لگنے سے تین افراد لہولہان

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) گھریلو حالات سے دلبرداشتہ خاتون سمیت دو افراد نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کر لی، لڑائی جھگڑوں کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ سے 3افراد لہولہان ہو گئے، حملہ آور موقع سے فرار، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، بتایا جاتا ہے کہ جڑانوالہ کی رہائشی20سالہ ثمن نذیر دختر نذیر احمد کا کسی بات پر گھر والوں سے جھگڑا ہو گیا تو اس نے دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئی جبکہ امین پور بنگلہ کے 18سالہ عصمت اللہ ولد پیر بخش جو کہ کافی عرصہ سے بیروزگار تھا جس کی وجہ سے گھر میں اکثر جھگڑا رہتا تھا گزشتہ روز کسی بات پر گھر والوں سے جھگڑا ہوا تو اس نے زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا، ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں، علاوہ ازیں229ر۔ب مکوآنہ کے کاشف ولد ریاض کا ملزمان سے کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی تو ملزمان اسلم وغیرہ نے فائرنگ کر کے کاشف کو زخمی کر دیا، عداوت کی بناء پر مشتعل ملزمان نے فائرنگ کر کے94گ ب کے طالب ولد سردار کو بری طرح زخمی کر دیا، علاوہ ازیں پرانی دشمنی کی بناء پر گھات لگائے ملزمان نے مخالف شفیق سکنہ گڑھ کو گولیاں مار کر فرار ہو گئے، مضروبان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا ، پولیس مصروف تفتیش ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں