جڑانوالہ(نامہ نگار) خون سفید ہو گیا، گھریلو جھگڑے پر مشتعل نوجوان کی فائرنگ سے ماں قتل’ باپ اور بھائی بری طرح زخمی ہو گئے، زخمی باپ بیٹے کو ہسپتال داخل کروا دیا گیا، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل نوجوان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ریسکیو15 پر کال وصول ہوئی کہ لنڈیانوالہ کے علاقہ 651 گ ب میں گھریلو جھگڑے پر فیصل نامی نوجوان نے فائرنگ کر دی جس کی زد میں آ کر اسکی والدہ ساجدہ بی بی’ والد ذوالفقار کو گولیاں ماریں، اسی دوران اس کا بھائی اویس والدین کو بچانے کیلئے آگے بڑا تو مشتعل نوجوان نے بھائی کو بھی گولی مار کر لہولہان کر دیا اور ہوائی فائرنگ کرتا ہوا موقع سے بھاگ گیا، مضروبان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا۔ ساجدہ بی بی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئی، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور نعش کو تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال پہنچایا۔ تاہم ایس ایچ او تھانہ لنڈیانوالہ انسپکٹر زاہد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف مقامات پر چھاپے مار کر ملزم فیصل کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔




