فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین نے تعلیمی سیشن 2026-2028 کے لیے ایچ ایس ایس سی پارٹ اول (گیارہویں جماعت)کے باقاعدہ طلبہ کے آن لائن داخلہ، ڈیٹا انٹری اور اصل کمپیوٹرائزڈ فیس چالان/ہارڈ کاپی جمع کروانے کا شیڈول جاری کر دیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بی آئی ایس ای لاہور کی تجویز پر تعلیمی اداروں میں گیارہویں جماعت کے ریگولر طلبہ کے داخلوں کا عمل مقررہ شیڈول کے تحت مکمل کیا جائے گا۔نوٹیفکیشن کے مطابق گیارہویں جماعت میں بغیر لیٹ فیس داخلے 21 اگست 2026 سے 5 اکتوبر 2026 تک جمع کروائے جا سکیں گے۔اسی طرح مقررہ تاریخ کے بعد 6 اکتوبر سے 20 اکتوبر 2026 تک گیارہویں جماعت کے داخلے 600 روپے فی طالب علم لیٹ فیس کے ساتھ جمع کروانے کی اجازت ہوگی، جو بورڈ کو قابلِ ادائیگی ہوگی۔پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین کے مطابق تمام متعلقہ تعلیمی ادارے مقررہ تاریخوں کے اندر آن لائن رجسٹریشن، ڈیٹا انٹری اور فیس چالان سمیت دیگر ضروری کارروائی مکمل کریں تاکہ طلبہ کے داخلوں میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔




