اسلام آباد(بیوروچیف)آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل)نے سندھ کے ضلع خیرپور میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کیا ہے۔او جی ڈی سی ایل کے مطابق بٹرسیم نارتھ ویسٹ ون کنویں سے یومیہ ایک کروڑ28لاکھ مکعب فٹ گیس اور 175 بیرل تیل حاصل ہوا ہے، دریافت کے دوران کنویں سے3ہزار20پی ایس آئی پریشر پر گیس کا بہا ریکارڈ کیا گیا۔کمپنی کے مطابق بٹرسیم نارتھ ویسٹ ون کنویں کی کھدائی 21 اگست 2026 کو شروع کی گئی تھی اور اسے 3 ہزار 732 میٹر گہرائی تک کھودا گیا، تیل اور گیس کی دریافت لوئر گرو فارمیشن کی بیسل سینڈز میں ڈرل اسٹیم ٹیسٹ کے دوران ہوئی۔بٹرسیم ایکسپلوریشن لائسنس میں او جی ڈی سی ایل کا 95 فیصد حصہ ہے جبکہ گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ کے پاس منصوبے کا 5 فیصد حصہ ہے۔او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ نئے کنویں کو قومی گیس نظام سے منسلک کرنے کے لیے اقدامات تیز کردیے گئے ہیں اور گیس کی جلد فراہمی کے لیے اسے فاسٹ ٹریک بنیادوں پر منسلک کیا جائے گا۔کمپنی کے مطابق مقامی وسائل سے گیس کی پیداوار میں اضافے سے ملک کی توانائی ضروریات پوری کرنے، گیس کی طلب اور رسد کے فرق کو کم کرنے اور او جی ڈی سی ایل کے ہائیڈروکاربن ذخائر میں اضافے میں مدد ملے گی۔




