اسلام آباد (بیوروچیف) سوئی گیس کمپنیوں نے یکم جولائی سے گیس کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے لیے اوگرا سے رجوع کر لیا ۔ اوسط گیس قیمت 5ہزار306روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تک بڑھانے کی درخواست کی گئی ہے، گیس کمپنیوں نے مجموعی طور پر اگلے اور پچھلے مالی سالوں کے خساروں کا 1650 ارب روپے شارٹ فال ظاہر کیا ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی نے ریونیو کی مد میں 956 ارب روپے مانگے ہیں، جن میں آئندہ مالی سال کے لیے 411 ارب روپے اور سابقہ شارٹ فال کی مد میں 545 ارب روپے شامل ہیں، جبکہ مجموعی ریونیو ضروریات 1279 ارب روپے تک پہنچ گئی ہیں۔سوئی سدرن نے42ارب روپے ایل این جی سروس کی لاگت میں مانگے ہیں،سوئی سدرن نے گیس کی اوسط قیمت میں 5306روپے فی ایم ایم بی ٹی یواضافے کی درخواست کی ہے۔ سوئی ناردرن نے بھی گیس مہنگی کرنے کی درخواست اوگرا میں جمع کرائی ہے ،سوئی ناردرن کا آئندہ مالی سال 8 ارب 73کروڑ روپے ریونیو شارٹ فال کا تخمینہ ہے جبکہ سابقہ شارٹ فال کی مد میں 585ارب روپے شارٹ فال کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ سوئی ناردرن نے ایل این جی سروس لاگت کی مد میں بھی 67ارب 67 کروڑ مانگے ہیں،سوئی ناردرن کی ایل این جی سروس لاگت میں 376روپے 33 پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو وصولی کی درخواست کی گئی ہے۔ اوگراسوئی ناردرن کی درخواست پر21 اپریل اورسوئی سدرن کی درخواست پر 22 اپریل کو سماعت کرے گی۔




