سرگودھا (بیورو چیف)ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا میں شدید گرمی کے پیش نظر مریضوں اور ان کے لواحقین کو صاف اور ٹھنڈے پانی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے دو جدید ریورس اوسموسس (آر او) واٹر پلانٹس نصب کر دیے گئے ہیں جن کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے۔ میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر سہیل طارق کا کہنا ہے کہ ان پلانٹس کی تنصیب کا مقصد مریضوں اور ہسپتال میں آنے والے افراد کو جراثیم سے پاک، محفوظ اور معیاری پانی کی فراہمی ہے تاکہ وہ گرمی سے بچاو کے ساتھ ساتھ پانی سے پھیلنے والی بیماریوں سے بھی محفوظ رہ سکیں۔ آر او پلانٹس ہسپتال کے داخلی راستے اور وارڈز کے قریب لگائے گئے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے استفادہ کر سکیں۔اس موقع پر ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر نیئر عباس خان بلوچ۔اے ایم ایس ڈاکٹر طارق محمود۔اے ایم ایس ڈاکٹر کاشفہ بھلی’ڈاکٹر خواجہ سہیل’ ڈائریکٹر فنانس حسیب احسن۔چیف فارما سسٹ رانا طاہر نوید سمیت دیگر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف مریضوں کی بنیادی ضرور ت کو پورا کرے گا بلکہ گرمیوں کے دوران ہیٹ اسٹروک، ڈی ہائیڈریشن اور دیگر مسائل سے بچاو میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔واضح رہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر تمام بڑے ہسپتالوں میں صاف پانی کی سہولیات کو ترجیحی بنیادوں پر بہتر بنایا جا رہا ہے۔




