ٹھیکریوالہ (نامہ نگار)سی ای او ہیلتھ فیصل آباد کے دفتر میں نجی سکولوں کی ہیلتھ سرٹیفکیٹس کی فائلوں کے انبار، سکول مالکان پریشان، بار بار چکر لگانے پر مجبورنجی سکولوں کی رجسٹریشن اور تجدید کے عمل میں مبینہ تاخیر پر پرائیویٹ سکولز مالکان نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سی ای او ہیلتھ فیصل آباد کے دفتر میں ہیلتھ سرٹیفکیٹس کے اجرائکے لیے جمع کروائی گئی فائلوں کے انبار لگ چکے ہیں، جس کے باعث سکول مالکان کو روزانہ دفتر کے چکر لگانے پڑ رہے ہیں۔نجی سکولز مالکان کے مطابق رجسٹریشن اور تجدید کے لیے ہیلتھ سرٹیفکیٹ لازمی دستاویز ہے، تاہم فائلیں طویل عرصے سے دستخط کی منتظر ہیں۔ ماضی میں جب معاملات معمول کے مطابق چلتے تھے تو فائلیں بروقت نمٹا دی جاتی تھیں، لیکن اب غیر ضروری تاخیر کی وجہ سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔سکول مالکان کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو محکمہ تعلیم میں بھی رجسٹریشن اور تجدید کی فائلیں زیر التوا ہونے کا خدشہ ہے، جس سے نہ صرف نجی تعلیمی ادارے متاثر ہوں گے بلکہ حکومتی ریونیو پر بھی منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ پرائیویٹ سکولز فورم پنجاب کے چیئرمین رانا شاہد مقرب،چوہدری ندیم سندھو،محمد اسلم بٹ،ملک طارق،شیخ غلام سرور،چوہدری یوسف گجر، میاں ندیم شہزاد،چوہدری گلزار حسین،رانا خلیل احمد،رانا جابر رشید،حاجی جاوید اقبال،سید ابرار حسین شاہ و دیگر نے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے زیر التوا فائلوں کو جلد از جلد نمٹانے کے احکامات جاری کیے جائیں تاکہ نجی سکولوں کی رجسٹریشن اور تجدید کا عمل بروقت مکمل ہو سکے۔




