ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک) یورپ میں شدید گرمی کی لہر نے ہزاروں جانیں لے لیں،یورپی حکام کے مطابق صرف جون کے مہینے میں گرمی سے تقریباً 10ہزار افراد ہلاک ہوئے۔حکام کاکہنا ہے کہ گرمی سے جان گنوانے والوں میں 9ہزار افراد کی عمر 65سال یا اس سے زائد تھی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ شدید گرمی کا سب سے زیادہ اثر بزرگ شہریوں پر پڑا۔ یورپی حکام کیمطابق یہ اعدادوشمار 27یورپی ممالک سے جمع کیے گئے ہیں، صرف انگلینڈ اور ویلز میں گرمی کے باعث تقریباً 2ہزار 700افرادجان کی بازی ہار گئے،جبکہ فرانس اوراسپین میں بھی مجموعی طور پر 2 ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی گئیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث یورپ میں گرمی کی شدت اور دورانیہ مسلسل بڑھ رہا ہے، جس کے باعث بزرگ افراد اور دیگر حساس طبقات کو صحت کے سنگین خطرات لاحق ہیں۔دوسری جانب پروٹیکشن سول نے کاتالونیا میں گرمی کی تیسری لہر کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا،گرمی کی لہر کم از کم بدھ تک جاری رہے گی اور اسکے ساتھ فضا میں صحارا کا گرد و غبار بھی شامل ہوگا، گرمی کا اثر سب سے پہلے لییدا کے پیرینیز کے علاقوں پر پڑے گا اور اسکی شدت بدھ 15 جولائی کو اپنے عروج پر پہنچے گی۔پیر اورمنگل کے دوران سب سے زیادہ اثرپونینت کے علاقوں میں ہوگا،جبکہ ساحلی اورجنوبی پری لٹورل علاقوں میں راتیں خاص طور پرگرم رہنے کا امکان ہے، جنگلاتی آگ کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر فائر بریگیڈ اپنی نفری، اسٹیشنز، کنٹرول رومز متحرک ہیں،شہریوں کو ٹھنڈی جگہوں پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔




