اسلام آباد (بیوروچیف) آج 7 ستمبر یوم تحفظ ختم نبوت منایا جارہاہے۔7 ستمبر 1974 کو پاکستان کی قومی اسمبلی اور سینٹ نے آئینی ترمیم کرکے قادیانی گروہ کو غیر مسلم قرار دیا تھا۔یہ آئین میں دوسری ترمیم تھی۔اس کے ذریعے آئین میں قراردیاگیاہے کہ قادیانی اپنے آپ کو مسلمان قرارنہیں دے سکتے اور نہ اپنی عبادت گاہوں کو مسجد کہہ سکتے ہیں۔ علامہ شاہ احمد نورانی ، علامہ عبدالمصطفی الازہری اور مولانا سید محمد علی رضوی سمیت ممتاز مذہبی و سیاسی رہنمائوں نے پوری تندہی اور جانفشانی سے قومی اسمبلی میں قادیانیت کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے میں تاریخ ساز کردار ادا کیا ۔ ان تمام امور میں قائد حزب اختلاف مفتی محمود ، نوابزادہ نصراللہ خان ، خان عبدالولی خان ، مولانامحمد یوسف بنوری، مولانا سید ابو ذر بخاری سمیت جید علمااور اکابرین کی بھر پور معاونت حاصل رہی ۔وزیر اعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو مرحوم نے دور اندیشی اور اعلی تدبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس قرار داد کی مکمل حمایت کی۔ قومی اسمبلی نے 7ستمبر 1974کو علامہ شاہ احمد نورانی کی اس تاریخی قرار داد کو متفقہ طور پر منظورکر لیا ۔




