یوم تحفظ ختم نبوت پر تحریک اہلسنت جڑانوالہ کا شاندار تقریب کا اہتمام

جڑانوالہ(نامہ نگار)7ستمبر”یومِ تحفظِ ختمِ نبوت”کے پرمسرت مبارک اور تاریخی موقع پر تحریکِ اہلسنت پاکستان(جڑانوالہ)کے زیرِ اہتمام جامع مسجد بلال محمد علی پارک میں ایک عظیم الشان اور باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جس میں ختم نبوت و ناموس رسالت پر پہرہ دینے والی شخصیات کو خراج تحسین پیش کرنے کیساتھ ساتھ ان کے لئے دعا کی گئی۔تقریب پیرِ طریقت رہبرِ شریعت پیر قاضی محمد فیضِ رسول حیدر رضوی(چیئرمین تحریکِ اہلسنت پاکستان و سجادہ نشین آستانہ عالیہ محدثِ اعظم پاکستان)کی خصوصی ہدایت اور زیرِ سرپرستی منعقد ہوئی۔تقریب کی صدارت ممتاز عالمِ دین پیرِ طریقت رہبرِ شریعت ڈاکٹر مفتی محمد یونس رضوی (ناظم اعلی تحریکِ اہلسنت پاکستان) نے کی۔تقریب سے ایمان افروز خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مفتی محمد یونس رضوی نے کہا کہ1974 کی تاریخی اور عالمگیر تحریکِ ختمِ نبوت کا ابتدائی سنگِ بنیاد رکھنے والی،اس کی پہلی اینٹ نصب کرنے والی اور تحریک کو بیدار کرنے والی عظیم الشان و نابغہ روزگار شخصیت شمس المشائخ،پیرِ طریقت قاضی محمد فضلِ رسول حیدر رضوی علیہ الرحمہ کی ذات بابرکات ہے۔جب ربوہ (موجودہ چناب نگر) کے اسٹیشن پر نشتر میڈیکل کالج کے طلبہ پر قادیانیوں کی جانب سے حملہ اور تشدد کیا گیا،تو آستانہ عالیہ محدثِ اعظم پاکستان سے سب سے پہلے حق اور غیرتِ ایمانی کی شمع روشن کی گئی۔قاضی محمد فضلِ رسول حیدر رضوی نے بلا خوف و خطر جرات و بسالت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف اس ظلم کے خلاف سب سے پہلی آواز بلند کی اور احتجاج کی بنیاد رکھی، بلکہ پوری ملتِ اسلامیہ کو بیدار کرکے اس تحریک کو پارلیمنٹ تک پہنچانے اور قادیانیوں کو آئینی طور پر غیر مسلم اقلیت قرار دلوانے کا تاریخی پیش خیمہ بنے۔آپ کی یہ عظیم الشان دینی و ملی خدمات تاریخِ اسلام کا ایک روشن اور سنہری باب ہیں۔اس موقع پر سید عبدالحنان شاہ(جنرل سیکرٹری تحریک اہلسنت پاکستان جڑانوالہ)حافظ محمد سعید رضوی اور مولانا محمد الیاس رضوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا”تاجدارِ گولڑہ پیرِ سید مہر علی شاہ سے لے کر حضور محدثِ اعظم پاکستان رحم اللہ علیہ غزالی زماں پیر سید احمد سعید کاظمی شاہ رحمتہ اللہ علیہ اور بانیِ تحریک 1974 قاضی محمد فضلِ رسول حیدر رضوی تک قائد ملت اسلامیہ حضرت علامہ شاہ احمد نورانی صدیقی،علامہ عبدالمصطفیٰ الازہری، مجاہد ملت حضرت علامہ عبدالستار خان نیازی حضرت پیر سید فیض الحسن شاہ آلو مہاروی، حضرت خواجہ قمرالدین سیالوی، پیر میاں جمیل احمد شرقپوری، مولانا خلیل احمد قادری،صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم رحمھم اللہ سمیت اہلِ سنت کی جن جن جلیل القدر شخصیات نے عقیدہ ختمِ نبوت کی چوکیداری کی، اس کی پاسبانی کی اور اس مقدس سنگھاسن پر پہرہ دیا، وہ سب ہمارے سر کے تاج، روح کا سرمایہ اور ہمارے حقیقی ہیرو ہیں۔”اس پروقار تقریب میں علما کرام،مشائخِ عظام اور عوامِ اہلسنت کی کثیر تعداد نے پرجوش شرکت کی۔ نمایاں شرکا میں قاری محمد ارشد رضوی، قاری محمد شہباز رضوی، قاری محمد سعید رضوی، حافظ محمد شبیر رضوی، اور محترم کامران مجاہد شامل تھے۔تقریب کے اختتام عقیدہ تحفظِ ختمِ نبوت کے استحکام، ملک و ملت کی سلامتی اور تمام شہدائے ختمِ نبوت کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی رقت انگیز دعا کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں