فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) یونین کونسل نمبر 136 میں ایک سیمینار بعنوان ”ڈینگی آگاہی مہم” کا انعقاد کیا گیا جس میں چوہدری ذوالفقار علی ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ فیصل آباد نے بطور مہمان خاص شرکت کی’ دیگر مہمانوں میں مہر محمد افضل سعد منگن اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ تحصیل صدر فیصل آباد ‘ سیکرٹری احسن محمود موہل’ چوہدری محمد انور باجوہ ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ ہائی سکول 239ر۔ ب خانوآنہ، رئیس ادارہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چک نمبر 239 ر۔ ب خانوآنہ، لیڈی ہیلتھ سپروائزر یونین کونسل ہذا، نکاح رجسٹرارز و دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔ اس موقع پر مقررین نے ڈینگی سے تحفظ و تدارک کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے حکومت پنجاب کی طرف سے نئے ”چائلڈ میرج آرڈیننس2026 ”کے بارے میں آگاہی دی’ وقفہ سوالات کے موقع پر شرکا کی طرف سے کئے گئے سوالات کے ڈپٹی ڈائریکٹر و اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی طرف سے تسلی بخش جوابات دئیے گئے۔ سیمینار کے آخر پر واک کا اہتمام بھی کیا گیا۔ واک کے اختتام پر مقررین نے کہا کہ پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ترمیمی آرڈیننس 2026 میں پنجاب حکومت نے شادی کے قوانین میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے کم عمر کی شادی کے خلاف سخت ترین قانون منظور کیا ہے۔ اس نئے قانون کے مطابق شادی کی کم از کم 18 سال مقرر کر دی گئی ہے’ کم عمری کی شادی اب ایک ناقابل ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے۔کم عمر بچوں کی شادی کروانے والے والدین، نکاح خواں، نکاح رجسٹرار کو 3 سال تک قید اور 5 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ شادی میں شامل ہونے والے یا مدد کرنے والے کو 7 سال تک قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نکاح رجسٹرار 18 سال سے کم عمر افراد کی شادی رجسٹرڈ کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔ خلاف ورزی پر 1 سال قید اور 1 لاکھ روپے جرمانہ ہو سکتا ہے۔ اس قانون کے تحت جرائم کی سماعت صرف سیشن کورٹ میں ہوگی اور مقدمات 90 دن کے اندر ختم کرنے کی ہدایت ہے۔




