فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) دی یونیورسٹی آف فیصل آباد میں شعبہ امراض جلد کے زیر اہتمام پانچویں انٹرنیشنل ڈرمل کانفرنس کا کامیاب انعقاد ۔ کانفرنس کا موضوع جلد کے زخموں اور انکے نشانات کا جدید اور موثر علاج تھا۔ دو روزہ کانفر نس میں50سے زائد نیشنل اور امریکہ، انڈونیشیا، ملائیشیا ، ترکی، فلسطین ، چائنا سے انٹرنیشنل ماہرین ڈرمل سائنسز کے حوالے سے مختلف موضوعات پر تحقیقی مقالات پیش کئے ۔ان میں ماہرین امراض جلد، پلاسٹک سرجنز، بچوں کے امراض کے ماہرین، چھاتی کے کینسر کے علاج و سرجری کے ماہرین، نرسنگ اور الائیڈ ہیلتھ سائنسز کے دیگر شعبوں کے ماہرین شامل تھے۔لاہور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے ڈین پروفیسر ڈاکٹرعبدالمجید چوہدری مہمان خصوصی تھے۔ چلڈرن ہسپتال لاہور کی ڈین فیکلٹی آف سرجری پروفیسر ڈاکٹر نبیلہ طلعت، اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور سے نرسنگ فیکلٹی کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر انیلہ اصغر مہمان اعزاز تھیں۔ انڈونیشیا سے ڈاکٹر سوریانی بیہرون، ملائیشیا کی یونیورسٹی آف پترا سے ڈاکٹرافلزا اشعری، ٹیکساس امریکہ سے ماہر فیملی میڈیسن ڈاکٹر بلال حسین پراچہ و دیگر انٹر نیشنل ماہرین نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطا ب کیا۔ ماہرین نے مختلف زخموں کے علاج اور ان کے نشانات کے خاتمے کے حوالے سے جدید طریقہ علاج اور اس میں درپیش چیلنجز کے متعلق جدید ترین تحقیقات پیش کیں۔ ڈاکٹرعبدالمجید چوہدرری نے اظہار خیال کرتے ہوئے اس کانفرنس کو امراض جلد کے جدید علاج کے حوالے سے نہائت خوش آئند اور وقت کی ضرورت قرار دیا ۔ انہوں نے کانفرنس کے انعقاد پر یونیورسٹی کے شعبہ امراض جلد کی کوششوں کو بیحد سراہا۔ یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر امان اللہ ملک، یونیورسٹی کی رجسٹرار ڈاکٹر زاہدہ مقبول، شعبہ ڈرمل سائنسز کی ہیڈا ور ڈین کلینیکل ریسرچ پروفیسر ڈاکٹر تنزیلہ خالد بھی موجود تھیں۔اس موقع پر یونیورسٹی کی طالبات کے مابین جلدی امراض اور علاج متعلق آگاہی کے کیموضوع پوسٹر مقابلے کا انعقاد بھی ہوا جس میں شعبہ انگلش کی طالبہ آئزہ علی نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ دی یونیورسٹی آف فیصل آباد کے طلبہ وفیکلٹی ممبران، مدینہ ٹیچنگ ہسپتال کے ما ہرین اور مختلف ہیلتھ انسٹیٹیوٹس کے متعلقہ افراد نے اس اہم کانفرنس میں شرکت کی اور ماہرین کے تجربات سے مستفید ہوئے۔




