1خودکشی،کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار چل بسا،ماہ جولائی میں مختلف حادثات میں568افراد جاں بحق

فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) حالات کے ستائے نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کر لی، ٹریفک حادثہ میںموٹر سائیکل سوار جاں بحق، نہر سے شہری کی نعش برآمد، سدھو پورہ بسم اللہ ٹائون میں خستہ حالت دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر دو افراد زخمی، مختلف واقعات میں مسلح افراد کی فائرنگ سے خاتون جاں بحق’ 4افراد لہولہان، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ تفصیل کے مطابق جڑانوالہ کے رہائشی32سالہ شبیر ولد حسین نے گھریلو و معاشی حالات سے دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں جسے تشویش ناک حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی توڑ گیا، کینال روڈ پر عبداللہ گارڈن کے قریب تیز رفتار کار کی ٹکر لگنے سے موٹر سائیکل سوار21سالہ شیر علی ولد غلام محمد اور اس کا دوست 18سالہ عمران سکنہ محلہ نصیر آبادبری طرح زخمی ہو گئے، جنہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں پر شیر علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، ڈجکوٹ کے علاقہ 257ر۔ب میں نہر سے شہری کی نعش برآمد جس کی شناخت احمد علی کے نام سے ہوئی جو کہ مذہبی والا میں اپنے بھائی سے ملنے کیلئے آیا تھا’ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے تفتیش شروع کر دی۔جبکہ سدھوپورہ بسم اﷲ ٹائون میں مکان کی خستہ حال دیوار گرنے سے ملبے تلے دب کر پچاس سالہ ندیم ولد سلیم اور 27سالہ شعیب ولد امداد بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو ٹیموں نے مضروبان کو طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ہسپتال منتقل کر دیا۔ علاوہ ازیں جھنگ بازار کے علاقہ لیاقت آباد میں معمولی جھگڑے پر مشتعل ملزمان احسان وغیرہ نے مخالف صابر کو گولیاں مار کر زخمی کر دیا۔ سرگودھا روڈ کے علاقہ چباں روڈ پر مشتعل ملزمان نے عداوت کی بناء پر چھریوں کے وار کر کے کاشف کو بری طرح زخمی کر دیا۔ ملت ٹائون کے علاقہ 119 ج ب کے انور نے بتایا کہ محلہ دار ملزمان عمر وغیرہ نے فائرنگ کر کے عظیم کو بری طرح زخمی کر دیا۔ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقہ سہیل آباد میں معمولی تلخ کلامی پر ملزمان طاہر علی وغیرہ نے اینٹ مار کر عظمیٰ بی بی کو بری طرح لہولہان کر دیا، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال منتقل کر دیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔دریں ثناء ۔فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) فیصل آباد میں گزشتہ ماہ جولائی کے دوران مختلف حادثات میں 568 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، ریسکیو ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ جولائی کے دوران ریسکیو1122 کو مجموعی طور پر 14834کالز موصول ہوئیں، جن میں 2516ٹریفک حادثات’ 14عمارتیں گرنے’ 149آگ لگنے’ 13ڈوبنے’ میڈیکل کے 10401′ متفرق 1270 اور قتل’ اقدام قتل’ خودکشی’ لڑائی جھگڑے کے 283 واقعات رونما ہوئے۔ ریسکیو1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 14703 افراد کو ریسکیو کیا۔ 8779افراد کو موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ تشویشناک حالت میں 5356 افراد کو شہر کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا۔ اسی دوران مجموعی طور پر 568افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ریسکیو1122 نے شہر کے مختلف ہسپتالوں سے 187 میتیوں کو ان کے گھروں میں منتقل بھی کیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر انجینئر احتشام واہلہ نے کہا ہے کہ مون سون کے موسم کے دوران شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنے گھروں کی چھتوں کو صاف رکھیں اور چھتوں پر بارشی پانی جمع نہ ہونے دیں۔ بارشی پانی کے جمع ہونے سے خستہ حال چھتیں زمین بوس ہونے سے جانی ومالی نقصان کا خطرہ رہتا ہے اور بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور تاروں کو چھونے سے بھی گریز کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں