فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) حالات کے ستائے نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کر لی، ٹریفک حادثہ میں موٹر سائیکل سواراستاد جاں بحق،شاگرد زخمی’ نامعلوم افراد نے گھر میں سوتے شخص کو تیز دھار آلے سے قتل کر دیا۔ گھریلو جھگڑے پر باپ نے بیٹی کو چھریوں کے وار کر کے لہولہان کر دیا۔ چالاک افراد کا تین شہریوں کے ساتھ ایک کروڑ کا فراڈ ، پولیس مصروف تفتیش ہے۔تفصیل کے مطابق حالات سے دلبرداشتہ ہو کر جھنگ روڈ کے رہائشی50سالہ طارق ولد رمضان نے گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا جہاں وہ دوران علاج زندگی کی بازی ہار گیا، کھجوراں والا باغ کے رہائشی55سالہ غریب حسین اپنے شاگرد15سالہ عنصر کے ہمراہ موٹر سائیکل جا رہا تھا جب وہ میراں والا بنگلہ کے قریب پہنچا تو عقب سے آنے والے تیز رفتار ڈمپر کی ٹکر لگنے سے بری طرح زخمی ہو گئے، ریسکیو 1122نے مضروبان کو تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا جا رہا تھا کہ 65سالہ غریب حسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ تھانہ بٹالہ کالونی کے علاقہ ربانی کالونی کے عقیل احمد نے بتایا کہ اس کا بھائی شرجیل گھر میں اکیلا تھا اور اسکی اہلیہ میکے گئی ہوئی تھی کہ نامعلوم افراد نے گھر میں داخل ہو کر تیز دھار آلے سے موت کے گھاٹ اتار دیا، تعفن اُٹھنے پر گزشتہ روز شرجیل کی نعش برآمد ہوئی، پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر کے اندھے قتل کا سراغ لگانے کیلئے قاتلوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔ جبکہ تھانہ مدینہ ٹائون کے علاقہ بلال گارڈن میں گھریلو جھگڑے پر مشتعل باپ عبدالعزیز نے چھریوں کے وار کر کے بہن فوزیہ بی بی کو بری طرح لہولہان کر دیا، مضروبہ کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ علاوہ ازیں سول لائن کے رہائشی عثمان کا کہنا ہے کہ اس کے واقف کار ملزم حیدر علی نے کاروبار کا جھانسہ دیکر 23لاکھ’ ابوبکر نے بتایا کہ اس کے جاننے والے ملزم قیصر اکرم نے کاروبار کیلئے 35لاکھ کی رقم لیکر ہڑپ کر لی اور ریلبازار پولیس کو درخواست گزارتے ہوئے مقامی تاجر وحید نے بتایا کہ ملزم انجم نے کاروبار کیلئے 40لاکھ کی رقم لیکر بدلے میں چیک دیا جو کہ بوگس نکلا۔




