اسلام آباد (بیوروچیف) پاکستان میں موبائل فون کی مقامی تیاری میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور اکتوبر میں اسمارٹ فونز کی پیداوار مجموعی موبائل آٹ پٹ کا 53فیصد تک پہنچ گئی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مقامی اور غیر ملکی کمپنیوں نے اپنی مینوفیکچرنگ صلاحیت میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے) کے مطابق رواں سال کے پہلے دس ماہ میں ملکی سطح پر 2کروڑ 51لاکھ سے زیادہ موبائل فون تیار کیے گئے۔ ان میں سے 1کروڑ 32 لاکھ اسمارٹ فون جبکہ 1کروڑ 19 لاکھ 2جی فیچر فون تھے۔اعداد و شمار کے مطابق 2025 کے پہلے دس ماہ میں پاکستان نے موبائل فون کی مجموعی ملکی ضرورت کا 94 فیصد حصہ مقامی پیداوار سے پورا کیا جو پچھلے کئی برسوں کے مقابلے میں ایک بہت بڑی بہتری ہے۔پی ٹی اے کی فہرست کے مطابق 2025 میں مقامی طور پر سب سے زیادہ موبائل تیار کرنے والی کمپنیوں میں انفنکس پہلے نمبر پر رہی، اس کے بعد وی جی او ٹیل، ویوو، آئی ٹیل، ٹیکنو، سام سنگ، شامی، کیو موبائل، ریئل می اور جی فائیو شامل ہیں۔تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ اگلے ایک سال میں موبائل فون کی فروخت میں 7 سے 8 فیصد تک اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ مہنگائی میں کمی، شرح مبادلہ میں استحکام اور صارفین کی قوت خرید میں بہتری متوقع ہے۔




