16ماہ میں حکومتی قرضے میں13078ارب کا اضافہ

اسلام آ باد(بیوروچیف) شہبازشریف حکومت کی جانب سے پہلے 16مہینوں میں لیے جانے والے قرض کی تفصیلات سامنے آگئیں۔موجودہ حکومت کے ابتدائی16مہینوں کے دوران قرضوں میں13078 ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، وفاقی حکومت کے قرضوں میں یہ اضافہ مارچ 2024سے لیکر جون 2025کے دوران ہوا۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی دستاویز کے مطا بق مارچ 2024 سے جون 2025کے 16 مہینوں کے دوران وفاقی حکومت کے مقامی قرضے میں 11ہزار 796ارب روپے اور بیرونی قرضے میں 1282رب روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد وفاقی حکومت کا قرضہ جون 2025تک بڑھ کر 77 ہزار 888 ارب روپے ہوگیا جبکہ فروری 2024تک وفاقی حکومت کے قرضے 64ہزار 810ارب روپے تھے۔ دستاویز کے مطابق فروری 2024تک مرکزی حکومت کا مقامی قرضہ 42ہزار 675ارب روپے تھاجو جون 2025تک بڑھ کر 54ہزار 471ارب روپے ہوا، اسی طرح فروری 2024تک وفاقی حکومت کا بیرونی قرضہ 22ہزار 134ارب روپے تھا اور جون 2025تک مرکزی حکومت کا بیرونی قرضہ 23 ہزار 417 ارب روپے کی سطح پر پہنچ چکا ہے۔ واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی دستاویزات کے مطابق جون 2025تک پاکستان پر مجموعی قرضے اور واجبات 94ہزار 197ارب روپے ہو چکے اور گزشتہ ایک مالی سال 2024-25کے دوران ملکی قرضوں اور واجبات میں 8ہزار 740ارب روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں