فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) انجمن تاجران بھوآنہ بازار کے الیکشن 24 اگست کو ہونگے، الیکشن کمیشن نے باضابطہ اعلان کر دیا۔ تفصیل کے مطابق چیف الیکشن کمشنر عبدالعزیز صابری نے الیکشن کمیشن کے ممبران عبدالوحید ببر اور میاں سرور کے ہمراہ موجودہ کابینہ کی مدت ختم ہونے کے بعد الیکشن لڑنے والے محمد یحییٰ’ شیخ بلال الٰہی اور ملک محمد حسین گروپ کی مشاورت سے انجمن تاجران بھوآنہ بازار کے الیکشن 24 اگست بروز سوموار کو کرانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کے پُرامن انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔ تینوں گروپس نے الیکشن کمیشن پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ یاد رہے کہ قبل ازوقت الیکشن کی تاریخ بار بار بدلنے سے انجمن تاجران بھوآنہ بازار کا الیکشن متنازع ہو گیا تھا اس سے قبل الیکشن کمیشن کی جانب سے سب سے پہلے 6اگست’ اس کے بعد 13اگست اور پھر 3 اگست کو الیکشن کا اعلان کیا تھا جس کے باعث الیکشن لڑنے والے امیدوار اور ووٹرز کشمکش میں مبتلا ہو گئے تھے اور انجمن تاجران بھوآنہ بازار کے گروپ بندی کا شکار ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا جس کی ”ڈیلی بزنس رپورٹ” نے نشاندہی بھی کی تھی مگر اب تمام گروپوں کی مشاورت سے 24 اگست کو الیکشن کے اعلان سے انجمن تاجران بھوآنہ بازار گروپ بندی سے بچ گئی ہے۔ الیکشن کے باضابطہ شیڈول کے اعلان کے بعد بھوآنہ بازار میں انتخابی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ امیدواروں نے ڈور ٹو ڈور رابطے شروع کر دیئے ہیں۔ ووٹرز اور سپورٹرز بھی پرجوش ہیں۔




