فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) حالات کے ستائے نوجوان نے کالا پتھر کھا کر خود کشی کر لی۔ قاتلانہ حملوں میں 2افراد لہولہان، غلام محمد آباد سے تین بہنیں اغوائ، چالاک ملزمان نے کاروبار کا جھانسہ دیکر 5شہریوں کے ساتھ سوا چار کروڑ کا فراڈ، پولیس نے مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ تفصیل کے مطابق ڈجکوٹ کے رہائشی 18سالہ احمد ولد رفیق کسی بات پر گھر والوں سے جھگڑا ہوا تو والدین نے ڈانٹ ڈپٹ کی تو مذکورہ نوجوان نے دل برداشتہ ہو کر کالا پتھر نگل لیا ، جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال لایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکا۔ ضروری کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ جبکہ جڑانوالہ کے قریب عداوت کی بناء پر مشتعل افراد نے فائرنگ کر کے مخالف اسلم کو بری طرح زخمی کر دیا۔ جیل روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے امجد نامی نوجوان بری طرح زخمی ہو گیا۔ مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ جبکہ غلام محمد آباد کے علاقہ مدینہ چوک کے رہائشی غلام عباس نے بتایا کہ اس کی 3بہنیں نتاشہ، نیلم اور کرن گھر سے خریداری کیلئے بازار گئیں واپس نہ آئیں۔ اس نے شبہ ظاہر کیا کہ اس کی بہنوں کو نامعلوم افراد نے اغوا کر لیا۔ پولیس مصروف تفتیش ہے۔ علاوہ ازیں سول لائن پولیس کو درخواست گزارتے ہوئے طارق جاوید نے بتایا کہ اس کے واقف کار ملزم عمران رضا نے کاروبار کیلئے ایک کروڑ 90لاکھ کی رقم دیکر منافع دیا نہ رقم واپس کی مطالبہ کرنے پر جعلی چیک تھما دیا۔نیو سول لائن کے عبدالمجید کا کہنا ہے کہ اس کے جاننے والے ملزم آصف نے کاروبار کیلئے72لاکھ روپے لیکر ہڑپ کر لئے، ستارہ ٹاور کے تاجر سمیع اللہ نے پولیس کو درخواست گزارتے ہوئے بتایا کہ کاروباری لین دین پر ملزم احمد رضا نے 75لاکھ واپس نہ کئے۔ اسی طرح عدنان اصغر نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ ملزم سیماب نے30لاکھ اور منصور آباد کے فرمان علی سے ملزم علی نے 50لاکھ کا مال ہڑپ کر لیا۔ رقوم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر ملزمان نے لعت و لعل کے بعد چیک دیئے جو کہ بوگس نکلے۔ پولیس نے جعلی چیک دینے کے الزام میں مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔




