فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) ایس ایچ او تھانہ رضاآباد سب انسپکٹر سفیان بٹر نے اندھے قتل کا سراغ لگا لیا’ 2 سال قبل قتل ہونے والی خاتون کے قاتل اس کے حقیقی بہن بھائی اور بہنوئی نکلے۔ بتایا جاتا ہے کہ رضاٹائون 40فٹا بازار کی رہائشی بنیش ملک زوجہ عابد نے 13 جون 2024ء کو مقدمہ درج کروایا کہ اسکی 35سالہ بہن بندیا ملک جو کہ مسلم لیگی ورکر بھی تھی اور خواتین کے کام کے سلسلہ میں گھر سے گئی واپس نہ آئی ہے۔ جس پر پولیس نے لیگی ورکر خاتون کے اغواء کا مقدمہ درج کر لیا، تاہم خاتون بندیا ملک کا سراغ نہ مل سکا’ وقوعہ کے دو ماہ بعد تھانہ نواں لاہور کے علاقہ میں نہر سے گلہ کٹی نعش ملی۔نعش کی شناخت نہ ہونے پر نواں لاہور پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر کے بائیومیٹرک کروائی تو خاتون کی شناخت بندیا ملک کے نام سے ہوئی جس پر نواں لاہور پولیس نے نعش تھانہ رضاآباد کے حوالے کر دی، جس پر رضا آباد پولیس نے اغوائ’ 496 ت پ میں 302 اور 201 ت پ کا اضافہ کر کے تفتیش شروع کر دی۔ ایس ایچ او تھانہ رضاآباد سب انسپکٹر سفیان بٹر نے شک ہونے پر خاتون کے سگے بھائی عامر کو حراست میں لیکر بازپرس کی تو اس نے راز اگل دیئے۔ عامر نے بتایا کہ اسکی ہمشیرہ بندیا ملک کے نام 4مرلے کا پلاٹ تھا جسکو ہتھیانے کیلئے اس نے اپنی بہن بنیش اور بہنوئی عابد نے ایک ساتھی عمار کیساتھ مل کر بندیا ملک کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا اور 13 جون 2024ء کو بندیا ملک کو چھری سے گلا کاٹ کر موت کے گھاٹ اتارنے کے بعد ثبوت مٹانے کی خاطر نعش نہر میں بہا دی تھی اور چند روز قبل نعش نواں لاہور کے علاقہ سے ملی تھی۔ تاہم ایس ایچ او سفیان بٹر نے جدید ٹیکنیکل وسائل بروئے کار لاتے ہوئے حقیقی بھائی عامر’ بہن بنیش اور بہنوئی عابد اور ان کے ساتھی عمار کو گرفتار کر کے شامل تفتیش کر لیا ہے۔ سی پی او تنویر حسین نے اندھا قتل ٹریس کرنے پر ایس ایچ او اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا ہے کہ قاتل کتنا ہی چالاک کیوں نہ ہو، قانون سے بچ نہیں سکتا ہے۔ بہن کے قاتل بہن بھائی سمیت چاروں ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔




