فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) جرائم پیشہ عناصر کے خلاف موثر کارروائیوں، مثالی محکمانہ کارکردگی اور بہترین عوامی خدمت کے اعتراف میں ضلع فیصل آباد کے چار تھانوں کے ایس ایچ اوز کے نام قائداعظم ایوارڈ کے لیے منتخب کر لیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے ایس ایچ او تھانہ نشاط آباد سب انسپکٹر رانا ساجد محمود، ایس ایچ او تھانہ بٹالہ کالونی سب انسپکٹر ظہیر اختر گل، ایس ایچ او تھانہ روشن والا انسپکٹر رائے شاہد اور ایس ایچ او تھانہ سٹی جڑانوالہ سب انسپکٹر مظفر کھوکھر کے نام قائد اعظم ایوارڈ کے لیے صدرِ پاکستان کو بھجوانے کی منظوری دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق یہ اعزاز ان افسران کی جرائم کے خاتمے، قانون کی موثر عملداری اور نمایاں پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ضلع فیصل آباد میں قائداعظم ایوارڈحاصل کرنے کااعزازسابق ریٹائرڈ ڈی ایس پی نشاط آباد رانا عمر دراز کو حاصل ہوچکا ہے۔




