5تھانوں کی دیواریں نہ ہونے پر ملازمین اور ملزمان غیر محفوظ

جڑانوالہ(صابر گھمن ) فیصل آباد کی تحصیل کے 5تھانوں کی بائونڈری دیواریں نہ ہونے کیوجہ سے سیکیورٹی انتظامات پر سوالات اٹھنے لگے،مذکورہ تھانوں کی حوالات میں بند قیدیوں اور پولیس ملازمین کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے بائونڈری دیواریں جلد از جلد تعمیر کروائی جائیں۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر تاندلیانوالہ کی حوالات میں بند 3سگے بھائیوں کو قتل کرنے کے معاملہ نے صوبہ بھر میں قائم تھانوں میں سیکیورٹی انتظامات بارے اعلیٰ پولیس افسران کو سر پکڑنے پر مجبور کر دیا ہے تاندلیانوالہ واقعہ نے تھانوں میں پولیس کی جانب سے کئے گئے سیکیورٹی انتظامات پر بھی کئی سوالات کھڑے کر دئیے ہیں جڑانوالہ کے 5تھانوں جن میں تھانہ بلوچنی،تھانہ کھرڑیانوالہ، تھانہ ستیانہ،تھانہ روڈالہ روڈ اور تھانہ لنڈیانوالہ کی بائونڈری دیواریں تاحال تعمیر نہ ہو سکی ہے جسکے باعث مذکورہ تھانوں میں سیکیورٹی انتظامات معمولی دکھائی دیتے ہیں مذکورہ تھانوں کی بلڈنگز بھی عرصہ دراز سے آپ گریڈ نہ ہو سکی ہیں مذکورہ تھانوں میں تھانہ لنڈیانوالہ،تھانہ روڈالہ روڈ انتہائی رسک دکھائی دیتے ہیں جبکہ مذکورہ5تھانوں کی بائونڈری دیواریں قائم نہ ہونے کیوجہ سے حوالات میں بند قیدیوں اور ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کی زندگیاں بھی غیر محفوظ دکھائی دیتی ہے۔ عوامی’ سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ تھانوں کی بائونڈری دیواریں جلد از جلد تعمیر کروائی جائیں اس حوالہ سے پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ تاندلیانوالہ واقعہ کے بعد تحصیل بھر میں قائم تھانوں کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں