5ٹریفک حادثات میں5خواتین سمیت11افراد جاں بحق،15زخمی

ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرانوالہ(نامہ نگار /بیورو چیف) ٹوبہ ٹیک سنگھ اور گوجرانوالہ میں ٹریفک کے دو حادثات میں کم از کم 8افراد جاں بحق اور 15زخمی ہو گئے۔ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایم تھری موٹروے پر رجانہ انٹرچینج کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جس میں ہنڈائی ڈالہ سبزی سے لدے مزدے سے ٹکرا کر الٹ گیا، حادثے میں ایک ہی خاندان کے 3افراد جاں بحق، 11زخمی ہو گئے۔ جاں بحق ہونیوالوں میں شمیم بی بی’ ثمینہ بی بی اور ایک سالہ بچہ حبیب شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں آزرہ بی بی، محمد شکیل، محمد رفیق، سائرہ، اورنگ زیب، رمشا، آسمہ، جمیل، ام حبیبہ، شاہینہ اور فیضان شامل ہیں، ریسکیو 1122 نے بروقت پہنچ کر تمام زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ منتقل کر دیا۔دوسری جانب گوجرانوالہ حافظ آباد روڈ پر نوکھر کے قریب قلعہ دیوان سنگھ کے مقام پر المناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں تیز رفتار ٹرک نے کیری ڈبہ کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 55سالہ نسرین، 45سالہ رخسانہ، 13سالہ بچہ اذان، 60سالہ امجد پرویز اور 25سالہ جبران شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں انجم، آمنہ، مجیداں بی بی اور شبنم شامل ہیں۔ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔دریں اثنائ۔فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت3افراد لقمہ اجل بن گئے، پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیں۔ بتایا جاتا ہے کہ گڑھ فتح شاہ کا رہائشی محمد اسلم اپنی عزیزہ خالدہ بی بی کے ہمراہ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ عقب سے آنیوالی تیز رفتار گاڑی سے ٹکرانے سے خالدہ بی بی زندگی کی بازی ہار گئی جبکہ سلیم کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے گاڑی قبضہ میں لیکر ڈرائیور اور نگزیب کی تلاش شروع کر دی ہے دوسرا حادثہ سدھار کے قریب پیش آیا جہاں پر توڑی سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی کا سپینڈل ٹوٹنے سے اس پر بیٹھا ہوا نوجوان خرم ولد یٰسین سکنہ276ج ب گر کر زندگی کی بازی ہار گیا۔ علاوہ ازیں روشن والا کے قریب تیز رفتار ویگن اور موٹرسائیکل میں تصادم کے باعث موٹرسائیکل سوار نوجوان چل بسا، جبکہ شناخت نہ ہونے پر پولیس نے نعش تحویل میں لیکر حادثہ کے مرتکب ڈرائیورکی تلاش شروع کر دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں