68نجی تعلیمی اداروں کو ای لائسنس جاری کرنیکی منظوری

فیصل آباد (ایجوکیشن رپورٹر) ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی (DRA)کے اجلاس میں فیصل آباد کے 68 نجی تعلیمی اداروں کو ای لائسنس جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی، جلد ہی مذکورہ سکولوں کو ای لائسنس جاری کر دیئے جائیں گے۔ رائو عبدالکریم ۔تفصیلات کے مطابق پرائیویٹ سکولز فورم پنجاب کے وفد رانا شاہد مقرب،چوہدری ندیم سندھو،محمد اسلم بٹ، سید ابرار حسین شاہ،میاں ندیم شہزاد،چوہدری گلزارحسین،راناخلیل احمد،حاجی جاوید اقبال ، رانا جابر رشید، و دیگر نے سی ای او ایجوکیشن فیصل آباد رائو عبدالکریم سے ملاقات کی اور نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے رائو عبدالکریم نے بتایا کہ جن نجی تعلیمی اداروں نے نئی رجسٹریشن کے لیے اپنا ڈیٹا آن لائن کرکے فائلیں جمع کروائی تھیں، ان سکولوں کے متعلقہ ایجوکیشن افسران کی جانب سے وزٹ بھی کیے گئے۔ وزٹ کے دوران جن اداروں پر کوئی اعتراض عائد نہیں کیا گیا، ان میں سے 68 نجی تعلیمی اداروں کو ای لائسنس جاری کرنے کی اپروول مل چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ منظوری حاصل کرنے والے سکولوں کو جلد ای لائسنس جاری کر دیے جائیں گے، جبکہ جن نجی تعلیمی اداروں کی فائلوں پر اعتراضات موجود ہیں، ان کے مالکان کو چاہیے کہ وہ اپنے اعتراضات جلد از جلد دور کریں تاکہ ان کی رجسٹریشن کا عمل بھی مکمل کیا جا سکے۔اس موقع پر ممبران ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی فیصل آباد چوہدری ندیم سندھو اور میاں شکیل احمد نے DRA کے اجلاس میں نجی تعلیمی اداروں کی نمائندگی کرتے ہوئے رجسٹریشن کے عمل سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن کے عمل کو مزید تیز اور موثر بنایا جائے تاکہ سکول مالکان کو غیر ضروری تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں