8بازاروں کو ”وہیکل فری”بنانے سے کاروبار شدید متاثر

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) شہر کے 8بازاروں کو ”وہیکل فری” بنانے کی آڑ میں تاجروں کا کاروبار تباہ’ بیرون اضلاع سے آنے والے بیوپاریوں نے آنا چھوڑ دیا’ تاجروں کا کاروبار ختم ہونے سے ان کی دکانوں پر کام کرنے والے مزدور بے روزگار ہو گئے جبکہ خریداری کیلئے آنے والے بیوپاریوں نے بھی فیصل آباد کا رخ کرنا چھوڑ دیا، تاجر برادری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ 8بازاروں کے داخلی راستوں سے بیریئر ہٹائے جائیں۔ تاجروں کو کاروبار کرنے کے مواقع فراہم کئے جائیں۔ تاجر برادری کا کہنا تھا کہ بیوروکریسی نے شہر کے 8بازاروں کو وہیکل فری بنانے کیلئے بازاروں کے داخلی وخارجی راستوں پر بیریئر لگا کر بند کر رکھا ہے، جسکی وجہ سے تاجروں کا کاروبار ختم ہو کر رہ گیا ہے۔ تاجر برادری قرضوں تلے دب کر رہ گئی اور ان کی دکانوں پر کام کرنے والے محنت کش بے روزگار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ آپ سیاسی لیڈر ہیں اور عوام کے مسائل اور دکھ درد سے بخوبی آگاہ ہیں اور عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں رہتی ہیں۔ موجودہ بیوروکریسی حکومت کے لیے مسائل پیدا کر رہی ہے اور بیوروکریسی نے بند کمروں میں بیٹھ کر عوام دشمن پالیسیاں بناتی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) پہلے ہی فیصل آباد سے شکست کھا چکی ہے۔ موجودہ پالیسیوں کی وجہ سے تاجر برادری بھی مخالف ہو رہی ہے۔ تاجر برادری کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف نے ہمیشہ تاجروں کے حق کی بات کی ہے، آپ بھی تاجروں کیلئے آسانیاں پیدا کرتے ہوئے آٹھ بازاروں کے داخلی وخارجی راستوں کو کھولا جائے تاکہ تاجر برادری اپنا کاروبار کر سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں