اسلام آباد (بیوروچیف)امریکی حکومت نے پاکستان کے 85طلبہ و محققین کو امریکہ کی جامعات میں ماسٹرز اور پی ایچ ڈی کی تعلیم کیلئے فل برائٹ سکالرشپس دیدیں۔پاکستان میں امریکی حکومت کے فلیگ شپ تعلیمی تبادلے کے پروگرام فل برائٹ کا انتظام یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فانڈیشن اِن پاکستان کرتا ہے۔امریکا اور پاکستان کی حکومتیں مشترکہ طور پر اس پروگرام کی مالی معاونت کرتی ہیں جس کا مقصد پاکستانی طلبہ کو ملکی اور خطے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تعلیمی اور پیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کرنا ہے۔سکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ کو عالمی معیار کے اساتذہ اور جدید ترین تحقیقی سہولیات تک رسائی حاصل ہوگی، جبکہ پروگرام دونوں ممالک کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے والے تعلقات استوار کرنے میں بھی مدد دیتا ہے۔امریکہ میں تعلیم کیلئے روانگی کی تیاری کے سلسلے میں USEFPنے اسلام آباد میں دو روزہ پری ڈیپارچر اورینٹیشن بھی منعقد کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی ناظم الامور اینڈی ہالس نے کہا کہ پاکستان دنیا کے سب سے بڑے فل برائٹ پروگرامز میں سے ایک کا میزبان ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری کا براہ راست نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی تبادلہ سفارت کاری کی سب سے موثر شکلوں میں سے ایک ہے اور اس پروگرام کے ہر طالب علم نے اپنی محنت، صلاحیت اور عزم کے ذریعے یہ مقام حاصل کیا ہے۔اینڈی ہالس نے کہا کہ امریکا کی آزادی کے 250سال مکمل ہونے کے موقع پر امریکا اور پاکستان کے تعلقات کے ایک نئے باب کا بھی آغاز ہورہا ہے، جسے یہ طلبہ آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلبہ نئی شراکت داریاں قائم کریں گے، جدت کو فروغ دیں گے اور آئندہ 250برسوں میں دونوں ممالک کے تعلقات کی سمت تشکیل دینے میں کردار ادا کریں گے۔2026ء کے فل برائٹ سکالرشپ حاصل کرنے والوں کا تعلق پاکستان کے تمام صوبوں سے ہے اور وہ انجینئرنگ، مصنوعی ذہانت، کاروبار، مالیات، پبلک پالیسی اور سماجی علوم سمیت مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کریں گے،اس سال 71طلبہ ماسٹرز اور 14 طلبہ پی ایچ ڈی پروگرامز کیلئے منتخب ہوئے ہیں، جبکہ 6فل برائٹ فارن لینگویج ٹیچنگ اسسٹنٹ یعنی FLTAفیلوز بھی اس موسم خزاں میں تعلیمی تبادلے کا آغاز کریں گے۔ سکالرشپ میں ٹیوشن فیس، سفری اخراجات، ماہانہ وظیفہ اور ہیلتھ انشورنس شامل ہیں۔USEFPکے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر پیٹر موران نے کہا کہ فل برائٹ پروگرام اہم شعبوں میں تعلیمی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ امریکی کمیونٹیز سے روابط، ثقافتی تجربات کے تبادلے اور پاکستانیوں و امریکیوں کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیتا ہے۔




