فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) گاہک بن کر کریانہ سٹور میں داخل ہونیوالے اتھرے ڈاکوئوں نے مزاحمت پر گولیاں مار کر باپ بیٹے کو بری طرح زخمی کر دیا، ڈاکوئوں کا گروہ ہوائی فائرنگ کرتے فرار ہو گیا، مضروبان کو طبی امداد کی غرض سے ہسپتال داخل کروا دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 55سالہ محمد قیوم ولد محمد یعقوب نے کوکیانوالہ روڈ پر مہر فاروق کریانہ سٹور بنا رکھا ہے گزشتہ شام محمد قیوم اور اس کا 20سالہ بیٹا محسن قیوم کریانہ سٹور پر موجود تھے کہ ڈاکوئوں کا گروہ گاہکوں کے روپ میں کریانہ سٹور میں داخل ہوا اور اندر آتے ہی اسلحہ نکال کر محمد قیوم کو کہا کہ جو کچھ ہے ان کے حوالے کر دو اور دن بھر کی سیل لوٹنے لگے تو محمد قیوم نے شور مچا دیا جبکہ اس کے بیٹے محسن قیوم نے ایک ڈاکو کو پکڑنے کی کوشش کی تو ڈاکو کے ساتھی نے فائر کھول دیا اور گولیاں لگنے سے محمد قیوم اور اس کا بیٹا محسن قیوم بری طرح زخمی ہو کر گر پڑے۔ فائرنگ کی آواز سن کر لوگ آئے تو اتھرے ڈاکو ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ بعدازاں مضروب باپ بیٹے کو تشویشناک حالت میں ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ تاہم رضاآباد پولیس ابھی تک اتھرے ڈاکوئوں کا سراغ لگانے میں کامیاب نہ ہو سکی ہے۔




