دہشتگردوں کی فائرنگ،موٹر سائیکل سوار2پولیس اہلکار شہید

لکی مروت (نامہ نگار) خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کے تھانہ غزنی خیل کی حدود میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے مطابق شہید پولیس اہلکار ڈیوٹی کے لئے جا رہے تھے کہ ان پر فائرنگ کردی گئی۔ڈی پی او لکی مروت کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکاروں کی لاشیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردی گئی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لکی مروت کے قریب پولیس اہلکاروں پر دہشتگردوں کی فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم شہید پولیس اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر تاریخ رقم کی ہے۔ خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں