ڈاکوؤں نے کار سوار2فیملیز سے17لاکھ چھین لئے،پولیس پر فائرنگ کرتے فرار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) اتھرے ڈاکوئوں نے ناکہ لگا کر کار سوار دو فیملیز سے 17لاکھ لوٹ لئے’ پولیس کے آنے پر فائرنگ کر کے فرار ہو گئے’ مسلح ڈاکوئوں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر دو شہریوں کو گولیاں مار کر لہولہان کر دیا’ نامعلوم چور گورنمنٹ کالج برائے خواتین جڑانوالہ اور مسجد سے لاکھوں کا سامان لے اُڑے’ چالاک ملزمان ملزمان کا 3شہریوں کیساتھ ایک کروڑ سے زائد کا فراڈ’ پولیس مصروف ہے۔ تفصیل کے مطابق ساہیانوالہ کے علاقہ 16 ج ب کے قریب مسلح ڈاکوئوں نے ناکہ لگا کر اسلام آباد جاتے ہوئے کار سوار شیخ محمد احمد اور سرگودھا جانے والے محمد ارسلان کی فیملیز سے 16لاکھ 70ہزار روپے’ زیورات اور قیمتی سامان لوٹ رہے تھے کہ پولیس گشت کرتے موقع پر پہنچی تو ڈاکوئوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی فائرنگ پر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے جبکہ مدینہ ٹائون کے علاقہ نعمت کالونی کے قریب ڈاکوئوں نے شہری عمیر سے 18ہزار روپے’ فون چھین کر مزاحمت پر گولی مار دی، کھرڑیانوالہ کے علاقہ 77 رب کے قریب پٹرول پمپ کے قریب ڈاکوئوں نے لوٹ مار پر مزاحمت کرنے پر عامر کے بھانجے کو گولیاں مار کر لہولہان کر دیا، گورنمنٹ کالج برائے خواتین جڑانوالہ کی پرنسپل نگہت مجید نے بتایا کہ نامعلوم چور کالج کے کمروں کے تالے توڑ کر لاکھوں روپے مالیت کے 13پنکھے’ دیگر سامان لے اُڑے۔ تھانہ صدر کے علاقہ عوامی ٹائون میں نامعلوم چور جامع مسجد الحمید کے تالے توڑ کر سائونڈ سسٹم اور دیگر سامان لے اُڑے۔ علاوہ ازیں ڈجکوٹ کے علاقہ 263 رب کے رہائشی ساجد نے بتایا کہ ملزم عبدالرحمن سے اس نے 60لاکھ میں مکان خریدا اور رقم کے بدلے میں چیک دیا جو کہ بنک سے کیش نہ ہو سکا۔ غلام محمد آباد کے رہائشی راشد کا کہنا ہے کہ اس کے واقف کار ملزم ارمان خالد نے کاروبار کیلئے 30لاکھ لیکر بدلے میں جعلی چیک تھما دیا۔ سمندری کے علاقہ بلال ٹائون کے شاہد نے پولیس کو بتایا کہ اس کے جاننے والے ملزم اورنگزیب نے 10لاکھ 70ہزار کی رقم ادھار لیکر واپس نہ کی، رقم کا مطالبہ کرنے پر چیک دیا جو کہ بوگس نکلا، پولیس نے کارروائی عمل میں لاتے ہوئے مقدمات درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں