ناقص میٹریل سے تیار عبداللہ پور فلائی اوور کے آہنی سپیڈ بریکر ٹوٹ پھوٹ کا شکار

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چک جھمرہ عبداﷲ پور فلائی اوور پر گاڑیوں کی سپیڈ کو کنٹرول کرنے کیلئے آہنی ”سپیڈ بریکر” ٹوٹنا شروع’ جس کی وجہ سے گاڑیوں کے ٹائر پھٹنے سے حادثات میں اضافہ ہو گیا۔ تفصیل کے مطابق ضلعی حکومت کی طرف سے نئے فلائی اوور عبداﷲ پور جھمرہ روڈ کی تعمیر کی گئی تھی اور پل پر آنے والے ٹرن کی وجہ سے ہونے والے حادثات میں کئی جانیں چلی گئیں۔ بالخصوص موٹرسائیکل سوار نوجوان تیز رفتاری کی وجہ سے ٹرن لیتے ہوئے موٹرسائیکلوں پر کنٹرول نہ رکھنے کی وجہ سے پل سے گر کر زندگی کی بازی ہار گئے تو ضلعی انتظامیہ کی طرف سے پل پر تیز رفتاری کو کنٹرول کرنے کیلئے آہنی سپیڈ بریکر نصب کئے گئے جو کہ ناقص اور غیر معیاری ہونے کی وجہ سے چند روز میں ہی ٹوٹ گئے آہنی سپیڈ بریکر ٹوٹنے سے اس سے نکلنے والے نٹ سے گاڑیوں کے ٹائر پھٹنے لگے اور شہریوں کی قیمتی گاڑیاں تباہ ہونے لگی۔ آہنی سپیڈ بریکر ٹوٹنے سے حادثات میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ شہری حلقوں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ نئے تعمیر ہونیوالے فلائی اوورسپیڈ کو کنٹرول کرنے اور حادثات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں