ڈاکٹر کی زیادتی کا شکار چلڈرن ہسپتال کی خاتون سکیورٹی گارڈ نے تیز دھار آلے سے گلہ کاٹ لیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) چلڈرن ہسپتال میں مبینہ طور پر ڈاکٹر کی زیادتی کا نشانہ بننے والی خاتون سکیورٹی گارڈ نے دل برداشتہ ہو کر تیز دھار آلے سے گلہ کاٹ لیا جسے تشویشناک حالت میں ہسپتال داخل کر دیا گیا، ہسپتال انتظامیہ نے چپ سادھ لی۔ ذرائع کے مطابق چلڈرن ہسپتال کی ڈینٹل وارڈ میں ڈاکٹر عماد ایوب نے وارڈ میں بطور سکیورٹی گارڈ ڈیوٹی کرنے والی خاتون نفیسہ کو مبینہ طور پر ہراساں کرتے ہوئے ہوس کا نشانہ بنایا۔ ڈاکٹر کی دھمکیوں اور رویہ سے تنگ آ کر خاتون سکیورٹی گارڈ نے خودکشی کی کوشش کرتے ہوئے اپنا گلہ کاٹ لیا، ڈاکٹر عماد ایوب کی دھمکیوں اور ہراسانی کے واٹس ایپ اور آڈیو میسجز لیک ہو گئے، ”مجھے پیار سے منائو، ورنہ میں بُرا پیش آئونگا”۔ تمہاری ناراضگی کی وجہ سے باقی عملے کو جھاڑ ڈال دی، ڈاکٹر عماد ایوب مبینہ طور پر خاتون کو تین ماہ تک ہسپتال میں ہی ہوس کا نشانہ بناتے رہے۔ بااثر ڈاکٹر نے اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے خاتون سکیورٹی گارڈ نفیسہ اور اسکی ساتھی نمائرہ کو نوکری سے نکلوا دیا جبکہ ہسپتال انتظامیہ کی طرف سے اس واقعہ کا نہ کوئی نوٹس لیا گیا اور نہ ہی مذکورہ ڈاکٹر کے خلاف کوئی کارروائی کی جا سکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں