کاکردگی صفر،بلوں میں ہوشربا اضافہ واسا فیصل آباد سفید ہاتھی بن گیا

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) نئے سال 2025ء کے آغاز پر واسا فیصل آباد نے بلوں کے ٹیرف میں 30فیصد اضافہ کا بم گرا دیا، واسا فیصل آباد کی کارکردگی صفر جبکہ بلوں میں اچانک اضافہ پر صارفین کی دہائی، واسا میں کوئی کام رشوت یا سفارش کے بغیر ممکن نہیں۔ تفصیل کے مطابق واسا فیصل آباد کے نااہل اور کرپٹ عملہ کی وجہ سے شہر میں جگہ جگہ گٹروں سے نکلنے والے گندے تعفن زدہ پانی کے نکلنے کی شکایات عام ہیں اور آئے روز فراہمی نکاسی آب میں سیوریج ملے پانی کا آنا بھی معمول بن چکا ہے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ واسا کو سیوریج کے پانی’ فراہمی آب کے بارے میں شکایات کریں تو واسا کا عملہ کئی کئی روز تک آتا ہی نہیں اور بار بار واسا دفاتر کے چکر لگانے پر واسا اہلکار بھاری رشوت کا تقاضا کرتے ہیں جب تک انکی مُٹھی گرم نہ کریں تو وہ ٹس سے مس نہیں ہوتے۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ فراہمی یا نکاسی آب کی شکایات دور کروانے کیلئے تگڑی سفارش یا پھر رشوت کے بغیر کوئی کام بھی ممکن نہ ہے۔ کسی صارف کی طرف سے مین سیور لائن کی صفائی ہو یا گھر کی لائن صاف کروانی ہو تو واسا کے سیورمین کو نذرانہ پیش کرنا پڑتا ہے۔ اس اعتبار سے صارفین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی کارکردگی زیرو نظر آتی ہے اور واسا فیصل آباد کی طرف سے نئے سال کے آغاز کے ساتھ بلوں کے ٹیرف میں 30فیصد اضافہ سے صارفین بلبلا اُٹھے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث رہی سہی کسر واسا نے نکال دی۔ اس حوالے سے واسا ترجمان کا کہنا تھا کہ بلوں میں اضافہ میں واسا فیصل آباد کا کوئی ہاتھ نہیں ہے۔ حکومت پنجاب نے فیصل آباد واسا سمیت 25اضلاع میں واسا کے بلوں میں کمی وبیشی کیلئے حکومت پنجاب نے کمیٹی بنا رکھی ہے۔ مذکورہ کمیٹی ہی ٹیرف میں اضافہ کرتی ہے۔ واسا کے بورڈ آف گورنر (BOG) کی میٹنگ میں بلوں میں اضافہ کرنے کا اختیار ختم ہو چکا ہے۔ حکومت پنجاب کی طرف سے جو ٹیرف دیا جاتا ہے کہ اس پر عملدرآمد کروایا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں