آٹھ بازاروں کو وہیکل فری بنانیکا منصوبہ،شہری خوش،دکاندار ناراض

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہر کے آٹھ بازاروں کو وہیکل فری بنانے کے منصوبہ پر شہری خوش جبکہ دکاندار ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں’ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر تجاوزات کے خاتمہ کے سلسلہ میں گزشتہ روز ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گھنٹہ گھر سے ملحقہ آٹھ بازاروں میں ہر قسم کی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کا داخلہ بند کر دیا گیا اور بازاروں کے باہر پارکنگ پوائنٹس مختص کر دیئے گئے، ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کے حوالے سے ”ڈیلی بزنس رپورٹ” کی جانب سے سروے کیا گیا جس میں شہریوں نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا یہ اقدام بہت اچھا ہے اس سے آٹھ بازاروں اور گھنٹہ گھر کا حسن بحال ہو جائے گا، خریداری کیلئے آنیوالے شہریوں کو پیدل چلنے میں آسانی ہو گی ہر وقت ٹریفک جام رہنے کا جھنجھٹ بھی ختم ہو جائے گا، گھنٹہ گھر اور دیگر تاریخی ورثہ کو دیکھنے کیلئے آنیوالوں کو بھی آسانی ہو گی۔ ضلعی انتظامیہ کا یہ اقدام قابل تحسین ہے اس سے آٹھ بازاروں اور گول بازاروں میں تجاوزات کا بھی مسئلہ حل ہو جائے گا۔ ہم ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہیں ضلعی انتظامیہ اس منصوبے کا پائیہ تکمیل تک پہنچائے۔ کسی کا دبائو نہ قبول کیا جائے یہ وقت کی ضرورت ہے۔ دوسری طرف دکاندار ضلعی حکومت کے اس اقدام سے ناراض دکھائی دیتے ہیں وہ نہیں چاہتے کہ یہ منصوبہ کامیاب ہو مگر گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر کی طرف سے میڈیا کو دی گئی بریفنگ سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کسی قسم کا دبائو قبول کرنے کو تیار نہیں یہ منصوبہ ضرور مکمل کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کو چاہیے بازاروں کے باہر مختص کئے گئے پارکنگ پوائنٹس میں اضافہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو گاڑیاں پارک کرنے میں آسانی ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں