فیصل ہسپتال کے ارد گرد بدترین پارکنگ،علاقے میں ٹریفک کا نظام درہم برہم

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)پیپلزکالونی نمبر1 میں واقع فیصل ہسپتال کے گرد ونواح میں بدترین پارکنگ کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا، کئی کئی گھنٹوں تک ٹریفک بلاک رہنے سے اہل علاقہ کو گھروں سے نکلنا محال ہو گیا جبکہ ضلعی انتظامیہ’ میونسپل کارپوریشن اور ٹریفک پولیس نے چپ سادھ لی ہے۔ تفصیل کے مطابق کینال روڈ پر واقع فیصل ہسپتال نئی عمارت میں شفٹ ہوا ہے۔ اہل علاقہ کیلئے مصیبت بن گیا، ہسپتال میں مناسب پارکنگ کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے مریض اور ان کے لواحقین گاڑیاں’ موٹرسائیکلیں سروس روڈ اور ہسپتال کی ملحقہ گلیوں میں پارک کر دیتے ہیں۔ جبکہ اکثر اوقات رش زیادہ ہونے کی وجہ سے کینال روڈ پر شہری گاڑیاں پارک کر دیتے ہیں۔ جسکی وجہ سے ٹریفک کئی کئی گھنٹے بلاک رہتی ہے۔ اور اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ بدترین ٹریفک جام رہنے سے ان کا گھروں سے نکلنا محال ہو چکا ہے۔ جسکی وجہ سے لڑائی جھگڑے بھی معمول بنتے جا رہے ہیں۔ دن بھر بالعموم اور شام کو رات گئے تک بالخصوص گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ جاتی ہیں اور شہری سروس روڈ پر جگہ جگہ گاڑیاں کھڑی کر کے ہسپتال چلے جاتے ہیں جسکی وجہ سے پارکنگ کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ ضلعی انتظامیہ’ میونسپل کارپوریشن اور ٹریفک پولیس کے عملہ نے چپ سادھ رکھی ہے۔ شہری حلقوں نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر’ میونسپل کارپوریشن اور سی ٹی او سے مطالبہ کیا ہے کہ ہسپتال انتظامیہ کو پابند کیا جائے کہ وہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں کی گاڑیوں کو پارکنگ کرنے کا معقول بندوبست کرے۔ سروس روڈ اور اسکی ملحقہ جگہوں میں گاڑیوں’ موٹرسائیکلوں کی پارکنگ کو ختم کروایا جائے تاکہ فیصل ہسپتال کے گرد ونواح میں بسنے والے شہری سکھ کی زندگی گزار سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں