جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کے حملے ’20فلسطینی شہید

غزہ /دوحہ /نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے اعلان کے باوجود اسرائیل کے مقبوضہ پٹی پر حملے رک نہ سکے، تازہ حملوں میں20فلسطینی شہید ہو گئے ۔ غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے اعلان کے بعد اسرائیلی حملوں میں کم از کم 20فلسطینی شہید ہوئے۔ایجنسی کے ترجمان نے بتایا کہ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود حملے نہیں رکے، اسرائیل کی جانب سے حملے غزہ پٹی کے مخلتف علاقوں میں کیے گئے ،جن میں سے 18فلسطینی صرف غزہ میں شہید ہوئے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز قطر کے دارالحکومت دوحہ میں وزیر اعظم محمد بن عبد الرحمان بن جاسم الثانی نے غزہ جنگ بندی معاہدہ طے پانے کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ جنگ بندی معاہدہ کروانے کے لیے قطر، مصر اور امریکا کی کوششیں کامیاب ہوگئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کا اطلاق 19جنوری سے ہوگا، حماس اور اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے مراحل پر عمل درآمد کے حوالے سے کام جاری ہے۔قطری وزیر اعظم نے بتایا کہ معاہدے کے پہلے مرحلے میں اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی ہوگی۔ معاہدے کے پہلے مرحلے میں بے گھر افراد کی گھروں کو واپسی شامل ہے۔6ہفتوں کی جنگ بندی پر عمل درآمد 3 مراحل میں کیا جائے گا،مرحلہ وار سویلین قیدیوں کا تبادلہ اور جنگ کے خاتمے پر مذاکرات ہوں گے۔دوسرے مرحلے میں اسرائیلی فورس کے قیدی حماس رہا کرے گی اور غزہ کے عوامی مقامات سے اسرائیلی فوج کا انخلا ہوگا۔تیسرے مرحلے میں اسرائیلی فورسز کا غزہ سے مکمل انخلا اور غزہ کی تعمیر نو پر کام کیا جائے گا۔ دریں اثناء اقوام متحدہ، سعودی عرب اور ترکیہ نے غزہ جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کیا۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کہتے ہیں معاہدہ ہو گیا، اب امداد میں رکاوٹوں کو فوری ختم کیا جائے، فریقین کو معاہدے پرعمل درآمد یقینی بنانا چاہئے۔سعودی عرب نے قطر،مصراور امریکی ثالثی کی تعریف کی اور کہا غزہ کے خلاف اسرائیلی جارحیت ختم کرنے کیلئے معاہدہ پر عمل درآمد کیا جائے، اسرائیلی فورسزکی مکمل واپسی کیلئے معاہدہ پر ثابت قدم رہنے کی ضرورت ہے۔ترک صدر رجب طیب اردگان نے بھی غزہ میں جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ غزہ کے عوام کی حمایت جاری رکھے گا، انہوں نے یمنی حوثیوں کی غزہ جنگ بندی معاہدے پر مزاحمتی گروپوں کی تعریف کی۔ علاوہ ازیں جنگ بندی معاہدے پر فلسطین اور اسرائیل میں جشن منایا گیا۔غزہ میں فلسطینیوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی، آزادی کے نعرے لگائے، غزہ کے تباہ حال علاقے خان یونس میں خوشی کی لہردوڑگئی، معاہدے کی خبر سن کر فلسطینی شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی، نعرہ تکبیر بلند کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔فلسطینی شہریوں نے کہاکہ غزہ جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں، آزادی کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے۔اسرائیل میں بھی یرغمالیوں کے عزیزو اقارب خوشی سے نہال ہوگئے، انہوں نے کہا کہ جنگ بندی معاہدے کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں